پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور اوپننگ بیٹر فخر زمان نے نیوزی لینڈ کے خلاف میچ سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری ہونے والی ویڈیو میں بابر اعظم اور فخر زمان نے میچ میں اپنی شاندار پارٹنرشپ کے حوالے سے بات کی ہے۔
بابر اعظم نے کہا کہ میرے دماغ میں تھا کہ اگر فخر کریز پر رہ گیا تو ہم یہ ہدف حاصل کرلیں گے، جب بھی فخر نے ایسی اننگز کھیلیں ہیں پاکستان 90 فیصد میچز جیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب میں بیٹنگ کے لیے آیا تو فخر نے مجھے کہا کہ پِچ بیٹنگ کے لیے بہت اچھی ہے، پارٹنرشپ قائم کریں گے، ہمارے دماغ میں بارش کے حوالے سے کچھ نہیں تھا کیونکہ آسمان صاف تھا لیکن اچانک بادل آئے تو ہم نے پلان کیا کہ کس طرح سے بیٹنگ کرنی ہے لیکن اس سے پہلے میرے بھائی فخر نے کام شروع کردیا تھا۔
ویڈیو میں فخز زمان نے بابر اعظم سے کہا کہ آپ مجھے گراؤنڈ میں ہر چھکے کے بعد کیا کہہ رہے تھے؟
بابر اعظم نے کہا کہ میں کہہ رہا تھا فخر ایک چھکا لگ گیا ہے مسئلہ نہیں، اگر ایریا میں آئے تو مارنا ورنہ زبردستی نہیں، اس نے میری بات ماننے کا کہا پر ایسا نہیں کیا اور زبردستی بھی شاٹس مارے۔