فلسطینیوں پر وحشیانہ بمباری پر سیخ پا وسطی افریقی ملک چاڈ نے بھی اسرائیل سے اپنے سفیر کو واپس بلالیا ہے۔
اس طرح ترکیہ، ہنڈوراس، چلی، کولمبیا، اردن اور بحرین کے بعد چاڈ بھی ان ملکوں کی فہرست میں تازہ ترین اضافہ ہے جس نے اسرائیل کی جانب سے غزہ کے فلسطینیوں کے قتل عام پر یہ غیرمعمولی قدم اٹھایا ہے۔
یاد رہے کہ بولیویا نے گزشتہ ہفتے اسرائیل کی جانب سے محصور فلسطینی علاقے پر جاری بدترین حملوں پر سفارتی تعلقات توڑ لیے تھے۔
امریکی میڈیا کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ چاڈ کے دارالحکومت انجیمینا سے موصولہ اطلاعات کے مطابق چاڈ نے غزہ میں اسرائیل کی وحشیانہ بمباری اور ہزاروں معصوم شہریوں کی ہلاکت پر اپنے سفیر کو واپس بلا لیا ہے۔
واضح رہے کہ اسرائیل کے اس جنگی جرائم پر مبنی قتل عام کا زیادہ تر نشانہ بچے اور خواتین بنے ہیں۔
اس حوالے چاڈ کی حکومت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ غزہ میں جاری سانحے اور بہت زیادہ معصوم شہریوں کی زیاں کی مذمت کرتے ہیں اور فوی جنگی بندی کے ساتھ مسئلہ فلسطین کے پائیدار بنیادوں پر حل کا مطالبہ کرتے ہیں۔