اسلامی تحریک مزاحمت ”حماس“کے پولٹ بیورو کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی ایران کے رہبر اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای سے ملاقات ہوئی ہے۔ اس امر کا اعتراف حماس کے ایک رہنما نے ”المیادین“ ٹی وی پر ہفتے کے روز کیا۔
حماس کے رہنما اسامہ حمدان نے بیروت میں ”المیادین”سے گفتگو کرتے ہوئے اسماعیل ہنیہ کے دورہ ایران سے متعلق مزید کوئی تفصیل نہیں بتائی۔
اسلامی تحریک مزاحمت ”حماس“کے پولٹ بیورو کے سربراہ اسماعیل ہنیہ اپنے تنظیمی معاملات کی دیکھ بھال کے لئے 2019 سے قطر اور ترکی میں قیام پذیر ہیں۔
دوسری جانب ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ انہوں نے اسرائیل کی غزہ میں کارروائیوں کی وجہ سے صہیونی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو سے رابطہ ختم کر دیا ہے۔فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی نے ترک میڈیا کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ رجب طیب ایردوان نے سنیچر کو کہا کہ نیتن یاہو سے ہم بات نہیں کریں گے۔ ان سے بات چیت خارج از امکان ہے۔ترکیہ کے صدر کے بیان سے ایک ہفتہ قبل اسرائیل نے کہا تھا کہ وہ انقرہ سے اپنے تعلقات کا دوبارہ سے جائزہ لے رہا ہے کیونکہ اسرائیل اور حماس کی جنگ کے حوالے سے ترکیہ کے بیانات کافی جارحانہ ہیں۔اسرائیل ترکیہ سمیت دوسرے علاقائی ممالک سے سکیورٹی وجوہات کی وجہ سے اپنے سفارت کاروں کو بھی واپس بلا چکا ہے۔