مولانا فضل الرحمان غزہ کیلئے روانہ نہیں ہوئے۔ جمعیت علمائے اسلام (ف) کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کے غزہ روانہ ہونے کی خبر بے بنیاد ہے۔
تفصیلات کے مطابق مرکزی ترجمان جمعیت علمائے اسلام (ف) اسلم غوری کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کے غزہ روانہ ہونے کی خبر میں کوئی صداقت نہیں۔ جس رپورٹر نے خبر درج کی، انہوں نے باتوں کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل ایک مقامی اخبار میں شائع ہونے والی رپورٹ میں کہا گیا کہ مولانا فضل الرحمان غزہ کیلئے روانہ ہوگئے ہیں اور اپنے ساتھ خوراک اور طبی سازوسامان بھی لے گئے ہیں۔رپورٹ میں جے یو آئی کے قریبی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا گیا کہ مولانا فضل الرحمان کے سفر کی تفصیلات خفیہ رکھی گئی ہیں تاکہ مولانا فضل الرحمان خاموشی سے غزہ کے لوگوں تک پہنچ سکیں۔
قبل ازیں افغانستان کی طالبان حکومت نے اپنے شہریوں پر جہاد کیلئے فلسطین جانے پر پابندی عائد کرنے کی افواہوں کی تردید کردی، جبکہ سوشل میڈیا پر وائرل خبروں میں شہریوں کو وارننگ دی جارہی تھی۔
گزشتہ ماہ بعض میڈیا آؤٹ لیٹس اور سوشل میڈیا کی مختلف سائٹس پر اس سلسلے میں ایک زیر گردش نوٹی فیکیشن کا حوالہ دے کر کہا گیا کہ طالبان حکومت نے اپنے شہریوں سے کہا کہ وہ فلسطین کی جنگ میں شامل ہونے کا تصور اپنے ذہن سے نکال دیں۔