غزہ میں اسرائیلی فوج کی پیش قدمی کے بعد سیٹلائٹ کمپنیوں نے غزہ کی تصاویر کو محدود کر دیا۔
عرب میڈیا کے مطابق غزہ کی سیٹلائٹ تصاویر نے امریکی سیکیورٹی حکام کو تشویش میں مبتلا کر دیا تھا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 19 اکتوبر کو نیویارک ٹائمز کی ایک رپورٹ میں اسرائیلی ٹینکوں کی پوزیشنوں کی تفصیلی تصاویر شامل تھیں، ان کمپنیوں نے یوکرین جنگ کے دوران روسی افواج کی تصویریں جاری کرنے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔
دوسری جانب اقوامِ متحدہ کے امدادی ادارے کا کہنا ہے کہ غزہ کی پٹی میں ہفتے اور اتوار کو پانی کی 7 تنصیبات کو براہِ راست نشانہ بنایا گیا، حملوں میں پانی کی تنصیبات کو شدید نقصان پہنچا۔
تباہ ہونے والی تنصیبات میں رفح کے دو کنویں، غزہ کی 3 سیوریج پائپ لائنیں اور 2 آبی ذخائر شامل ہیں۔
اسرائیلی فوجیوں کا 12 سالہ بچی پر بری طرح تشدد
فلسطینی میڈیا کا کہنا ہے کہ مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلی فوجی اہلکاروں نے 12 سال کی بچی پر بری طرح تشدد کیا ہے۔
فلسطینی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوجی اہلکار 12 سال کی بچی کو گھسیٹ کر ساتھ لے گئے۔