پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے 10 سال مکمل ہونے پر رپورٹ جاری کرنے کی تقریب منعقد ہوئی، جس کا اہتمام آل پاکستان چائنیز انٹر پرائزز ایسوسی ایشن اور پاکستان چائنا انسٹی ٹیوٹ نے اسلام آباد میں کیا۔
تقریب میں سینیٹر مشاہد حسین، وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی، چینی سفیر یانگ زیڈونگ، ایگزیکٹو ڈائر یکٹر پاکستان چائنا انسٹیٹیوٹ مصطفیٰ حیدر سید اور چیئرمین آل پاکستان چائنا انٹر پرائزز ایسوسی ایشن یانگ ژیانڈو شریک ہوئے۔
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی جنہیں تقریب میں بطور مہمان خصوصی شریک ہونا تھا وہ ناگزیر وجوہات کی بنا پر شرکت نہ کرسکے تاہم مصطفیٰ حیدر سید نے چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کا پیغام پڑھ کر سنایا۔
جس کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ وہ تقریب کے انعقاد پر آل پاکستان چائنیز انٹر پرائزز ایسوسی ایشن کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
انکا اپنے پیغام میں مزید کہنا تھا کہ چینی سفیر کی پاکستان چین کے تعلقات بہتر بنانے کیلئے تمام کوششوں کو سراہتا ہوں۔
صادق سنجرانی نے کہا امید ہے کہ چینی سفیر اور ان کی ٹیم دوطرفہ تعاون قائم کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ آج، ہم ‘سی پیک کے 10 سال’ کی کامیابیوں کا جشن منا رہے ہیں۔
چیئرمین سینیٹ نے مزید کہا کہ پاکستان میں کام کرنے والے چینی اداروں کا کردار دونوں ملکوں کے رشتوں کو مضبوط بنانے میں اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان دوستی کی جڑیں تاریخی، باہمی احترام اور غیرمتزلزل حمایت سے جڑی ہیں۔ دونوں ممالک کا رشتہ سرحدوں اور ثقافتوں سے ماورا ہے، جو دنیا کےلیے ایک نمونہ ہے۔