پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی کا کہنا ہے کہ کل کے نتائج نے مہر لگا دی ہے لوگ پیپلز پارٹی کے ساتھ کھڑے ہیں، کل کے انتخابات میں ہم پر لگنے والے تمام الزامات غلط ثابت ہو گئے۔
انتخابات میں کامیابی کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما شرجیل میمن کے ہمراہ سعید غنی نے بلاول ہاوس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز پیپلز پارٹی نے پہلے سے زیادہ ووٹ حاصل کر کے ضمنی بلدیاتی انتخابات جیتے۔
رہنما پیپلز پارٹی سعید غنی نے کراچی کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے 4 یوسیز میں اپنے نمائندے کھڑے کیے تھے، کل کے انتخابات میں ہمیں پہلے سے زیادہ ووٹ ملے ہیں، جس پر کراچی کے شہریوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔
انہوں نے بتایا کہ جون میں بلدیاتی الیکشن سے زیادہ اس بار ہمیں ووٹ ملے، مرتضیِ وہاب جہاں سے جیتے ہیں وہاں پہلے کے مقابلے دو ڈھائی سو زیادہ ووٹ ملے ہیں جبکہ سلمان مراد جہاں سے جیتے ہیں وہاں انہیں 2 ہزار ووٹ پہلے سے زیادہ ملے۔
ان کا کہنا ہے کہ کراچی کے شہریوں نے 5، 6 ماہ میں پیپلز پارٹی کو دیگر جماعتوں سے بہتر جانا، ہم پر پہلے الزام تھا کہ ہماری حکومت تھی، ہم نے دھاندلی کی، کل کے نتائج نے مہر لگا دی ہے، لوگ پیپلز پارٹی کے ساتھ کھڑے ہیں، آنے والے انتخابات میں پیپلز پارٹی کراچی سے بڑی جماعت بن کر ابھرے گی۔
سعید غنی کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کراچی کے عوام کی حقیقی نمائندہ جماعت ہے، اب قومی و صوبائی اسمبلی میں پیپلز پارٹی کی سیٹیں زیادہ ہوں گی اور دیگر جماعتوں کی ہم سے کم سیٹیں ہوں گی۔
رہنما پی پی پی کا کہنا ہے کہ ہمارے کئی کام الیکشن کمیشن کی پابندی کے باعث رک گئے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ کراچی میں جو ترقیاتی کام چل رہے ہیں وہ ہمارے دور میں شروع ہوئے۔
سعید غنی کا کہنا ہے کہ مصطفیٰ کمال نے سانحہ بلدیہ سے متعلق پریس کانفرنس کی ہے، انہوں نے مانا بوری بند لاشیں اور بھتہ خوری ایم کیو ایم کی شناخت تھی۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہم نے کوشش کی تھی بلدیاتی انتخابات میں ایم کیو ایم حصہ لے، ہماری خواہش ہے ایم کیو ایم الیکشن لڑے تاکہ انہیں اپنی حیثیت کا پتہ چلے۔