انٹر نیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ورلڈکپ کے میچ میں سری لنکا کے بیٹر اینجیلو میتھیوس کرکٹ کی تاریخ میں ٹائم آؤٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی بن گئے۔ ان کے اس طرح آؤٹ ہونے پر سابق اور موجودہ کرکٹرز نے بنگلادیش کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
سری لنکا کے اینجلو میتھیوس کو ٹائم آؤٹ کرونے پر سابق آسٹریلوی کرکٹر مارک وا بھی بنگلادیشی کپتان شکیب الحسن پر برس پڑے۔
مارک وا نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا کہ کوئی فیئر مائنڈڈ کرکٹر ایسی اپیل کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔
انہوں نے کہا کہ بھول جائیے کہ قوانین کیا ہیں اور کھیل کی روح کیا ہے؟ فیئر مائنڈڈ کرکٹر کبھی ایسی اپیل نہیں کرے گا۔
آسٹریلوی بیٹر عثمان خواجہ نے سوال کیا کہ اینجیلو میتھیوس کریز میں پہنچ چکا تھا تو پھر ٹائم آؤٹ کیسے ہوگیا؟
عثمان خواجہ نے کہا کہ اینجیلو میتھیوس کے ہیلمٹ کا اسٹریپ کریز پر پہنچنے کے بعد ٹوٹا تھا۔
یاد رہے کہ بنگلادیش اور سری لنکا کے میچ میں یہ کرکٹ کا انوکھا واقعہ پیش آیا تھا۔ جس میں سری لنکا کے اینجیلو میتھیوس کرکٹ کی تاریخ میں ٹائم آؤٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی بنے۔
اینجلو میتھیوز نے پہلی گیند کا سامنا کرنے کےلیے مقررہ دو منٹ سے زیادہ وقت لگایا، انہوں نے ہیلمٹ کا اسٹریپ ٹوٹا ہونے کی وجہ سے دوسرا ہیلمٹ منگوایا۔
بارہویں کھلاڑی نے دوسرا ہیلمٹ لانے میں دیر لگائی جس کے بعد بنگلادیش کے کپتان شکیب الحسن نے اینجلو میتھیوز کو ٹائم آؤٹ قرار دینے کی اپیل کی جو جنوبی افریقی امپائر نے قبول کرتے ہوئے سری لنکن کھلاڑی کو بغیر کوئی گیند کھیلے ہی آؤٹ قرار دیا۔
قانون کے مطابق نئے آنے والے بیٹر کو دو منٹ کے اندر گیند کا سامنا کرنا ہوتا ہے۔
اس حوالے سے سکندر بخت نے کہا کہ اینجیلو میتھیوس کا آؤٹ قانون کے مطابق تھا مگر جنٹلمین گیم کی اسپرٹ کے خلاف ہے، شکیب الحسن کو ٹائم آؤٹ کی اپیل ہی نہیں کرنی چاہیے تھی۔