پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکاء اشرف نے کہا ہے کہ قومی ٹیم متحد ہے، کرکٹ دشمن فضول کہانیاں اڑا رہے ہیں۔
بہاولپور میں میڈیا سے گفتگو میں ذکاء اشرف نے کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم متحد ہے کوئی لڑائی نہیں ہوئی، کرکٹ دشمن فضول کہانیاں اڑا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے اوپنر نے گزشتہ میچ میں کمال کی کارکردگی دکھائی ہے۔ فخر زمان کو شاندار پرفارمنس پر 10 لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان کیا۔
پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نے مزید کہا کہ ہمارے کرکٹرز کو بہت کم پیسے ملتے ہیں، میں نے کرکٹرز کے کنٹریکٹ منی میں اضافہ کیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ میری بابر اعظم سے کوئی بات چیت نہیں ہوئی، میری نیک خواہشات کرکٹ ٹیم کے ساتھ ہیں، میں اپنے کرکٹرز کے ساتھ مشاورت کر کے چلتا ہوں۔
ذکا اشرف نے یہ بھی کہا کہ میں نے انضمام الحق کو ملاقات کےلیے بلایا تھا، انہوں نے آنے سے پہلے ہی استعفیٰ دے دیا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ انضمام الحق اچھا کرکٹر تھا، ملک کےلیے اُس نے اچھا کام کیا اور ٹیم کی موجودہ کارکردگی کے حوالے سے اپنا استعفیٰ دیا ہے۔
پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نے کہا کہ پی ایس ایل کے سوا کھلاڑیوں کو صرف ایک لیگ کھیلنے کی اجازت دیں گے۔ وہ کوئی بھی لیگ ہوسکتی ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم کے کھلاڑی سٹے بازی میں شامل نہیں، ٹیم میں تبدیلیوں سے متعلق ورلڈکپ کے بعد ٹیکنکل ٹیم سے مشاورت ہوگی۔
ذکا اشرف نے کہا کہ شاہد آفریدی بھی بڑا نام ہے وہ بڑے کرکٹر ہیں۔
احمد آباد میں پاک بھارت میچ سے متعلق اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے ذکا اشرف کا کہنا تھا کہ احمد آباد کے اسٹیڈیم میں پاکستان کا اتنا بڑا پرچم دیکھ کر جذبات قابو نہیں رہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ آئین اور قانون کے مطابق کرکٹ ایسوسی ایشن کے انتخابات ہوں گے۔