نگراں حکومت پنجاب کے ترجمان نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری کے الزامات کی تردید کردی۔
لاہور سے جاری بیان میں ترجمان نے کہا کہ نگراں حکومت پنجاب کا سندھ حکومت سے موازنہ کرنا سراسر غلط ہے، ہمارا کوئی بھی منصوبہ سیاسی نہیں ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ نگراں پنجاب حکومت ساڑھے 9 ماہ سے کام کر رہی ہے جبکہ سندھ حکومت اپنی مدت پوری کر کے تحلیل ہوئی اور اسے صرف ڈھائی ماہ ہوئے ہیں۔
پنجاب حکومت کے ترجمان نے یہ بھی کہا کہ الیکشن کمیشن تسلی کرتا ہے کہ نگراں حکومت کا کوئی بھی منصوبہ کسی جماعت کو فائدہ نہ دے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن اپنی تسلی کرنے کے بعد ہی نگراں حکومت کے کسی منصوبے کی منظوری دیتا ہے، پنجاب حکومت مکمل طور پر غیر جانبدار ہے۔
پنجاب حکومت کے ترجمان نے کہا کہ اسپتالوں کی حالت بہتر کرنے کی اجازت سندھ حکوت بھی الیکشن کمیشن سے مانگے گی تو کیوں نہیں ملے گی؟
ترجمان نے کہا کہ نگراں پنجاب حکومت نے سابق ایم این ایز اور ایم پی ایز کے تمام ترقیاتی کام روک دیے ہیں۔ حکومت پنجاب کسی سیاسی ایجنڈے کے بغیر عوام کو ریلیف دینے کےلیے سرگرم عمل ہے۔