ورسٹائل بھارتی اداکارہ مادھوری ڈکشٹ نے ایک معمولی سی وجہ کے پیچھے سلمان خان کے ساتھ مشہور فلم میں کام کرنے سے انکار کردیا تھا۔
سن 1999 میں بننے والی ہدایتکار سورج برجاتیا کی فلم ہم ساتھ ساتھ ہیں کو ریلیز ہوئے آج 24 برس ہوگئے۔
اس فیملی ڈرامہ فلم میں سلمان خان نے مرکزی کردار ادا کیا تھا اور یہ اس سال کی باکس آفس پر ہٹ اور بہت زیادہ بزنس کرنے والی فلم ثابت ہوئی تھی۔
فلم میں سلمان خان کے علاوہ سیف علی خان، تبو، کرشمہ کپور، موہنش بھل، سونالی باندرے اور نیلم کوٹھاری شامل تھے۔
اس فلم کےلیے مادھوری ڈکشٹ کو بھی پیشکش کی گئی تھی تاہم انہوں نے یہ فلم کرنے سے انکار کردیا تھا۔
مادھوری ڈکشٹ نے اس حوالے سے بتایا کہ انہوں نے فلم میں تبو کے کردار پر اعتراض کیا تھا کیونکہ یہ سلمان کے ساتھ ایک مخصوص سین تھا۔
بھارتی میڈیا کے ساتھ ایک انٹرویو میں مادھوری ڈکشٹ نے کہا کہ وہ سلمان خان کے ساتھ بھابھی دیور کا رول نہیں کرنا چاہتی تھیں کیونکہ 1994 کی فلم ہم آپکے کون ہیں میں انہوں نے سلمان کے ساتھ رومانوی کردار ادا کیا تو اب یہ بہتر نہیں تھا کہ وہ کوئی اور کردار لیں۔
انکا کہنا تھا کہ اسی وجہ سے میں نے فلم میں کام سے معذرت کرلی تھی اور پھر یہ کردار تبو نے کیا۔
مادھوری کے مطابق سلمان کے ساتھ رومانوی کردار کے بعد بھابھی کا مطلب یہ تھا کہ لوگ مذاق اڑاتے تو میں نے بہتر یہی سمجھا کہ میں اس فلم میں کام نہ کروں۔