کرکٹ ورلڈ کپ میں سری لنکا اور بنگلادیش کے درمیان میچ میں خوب گرما گرمی عروج پر رہی، انجیلو میتھیوز کے ٹائمڈ آؤٹ ہونے کے بعد دونوں کھلاڑیوں کے درمیان آخر تک نوک جھونک چلتی رہی۔
بنگلادیش اور سری لنکا کے درمیان میچ میں کھلاڑیوں کے درمیان اس وقت بحث شروع ہوئی جب انجیلو میتھیوز کے ہیلمٹ کا اسٹریپ ٹوٹ جانے کی وجہ سے دوسرا ہیلمٹ لانے میں دیر ہوئی۔
بنگلادیش کے کپتان شکیب الحسن نے امپائرز کو توجہ دلائی کہ دو منٹ گزر گئے ہیں، جس پر امپائر مرائس اراسمس نے انجیلو میتھیوز کو ٹائمڈ آؤٹ قرار دیا۔
میتھیوز غصہ کا اظہار کرتے ہوئے کرکٹ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ٹائمڈ آؤٹ ہوکر میدان سے باہر چلے گئے، مگر یہ معاملہ یہاں رکا نہیں۔
شکیب بیٹنگ پر آئے تو میتھیوز کی گیند پر انکا کیچ گرا، پھر کیا تھا شکیب نے تو کو موقع مل گیا انہوں نے جارحانہ انداز اپنایا، 12 چوکے لگادیے، دو چھکے بھی مارے، مگر پھر اس کہانی میں ٹوئسٹ آگیا۔
شکیب سنچری کی جانب گامزن تھے کہ انجیلو میتھیوز نے انہیں 82 کے اسکور پر میدان سے چلتا کردیا، اس بار میتھیوز نے انہیں جاتے ہوئے اپنے ہاتھ میں پہنی گھڑی کا اشارہ کیا، گویا بدلہ لے لیا، تاہم معاملہ اب بھی نہیں رکا۔
میچ کے آخری لمحات میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑی دو مرتبہ ایک دوسرے کے آمنے سامنے آگئے۔
ورلڈ کپ میں بنگلادیش نے سری لنکا کو پہلی مرتبہ شکست دی، جاتے جاتے سری لنکن کھلاڑیوں نے بنگلادیشی پلیئرز سے اس طرح ہاتھ نہیں ملایا جس طرح پوری ٹیم لائن لگا کر عموماً ہاتھ ملاتی ہے۔