پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ماہرہ خان نے پاکستان سے ملک بدر کیے جانے والے افغان مہاجرین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
ماہرہ خان نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹا گرام پر حکومتِ پاکستان اور اقوامِ متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین سے افغان مہاجرین کی مدد جاری رکھنے کا مطالبہ کیا ہے۔
اُنہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا ہے کہ کوئی بھی اپنی مرضی سے اپنا گھر نہیں چھوڑتا۔
اداکارہ نے لکھا ہے کہ مجھے تحفظ، وقار اور عزت کی تلاش میں رہنے والوں کے ساتھ مہمان نوازی کی اپنی پاکستانی روایت پر فخر ہے۔
اُنہوں نے لکھا ہے کہ 40 سال سے ہم نے اپنے ضرورت مند افغان بھائیوں اور بہنوں کو تحفظ فراہم کرتے آ رہے ہیں اور اب بھی بہت سے لوگوں ہماری مدد اور شفقت کی ضرورت ہے کیونکہ اپنے وطن واپس جانے پر وہ خطرے میں ہیں۔
ماہرہ خان نے اپنی پوسٹ کے آخر میں لکھا ہے کہ میں اپنی حکومت سے اپیل کرتی ہوں کہ وہ ان لوگوں کی مدد جاری رکھے جو ضرورت مند ہیں۔
واضح رہے کہ اگست 2021ء میں طالبان کی حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد سے ایک اندازے کے مطابق تقریباً 6 لاکھ افغان اپنا ملک چھوڑ چکے ہیں جبکہ امریکا کی افغانستان میں جنگ کے آغاز کے بعد سے لاکھوں افغان پاکستان میں پناہ حاصل کیے ہوئے ہیں۔
اب حکومتِ پاکستان کی جانب سے ملک میں غیر قانونی طور پر مقیم 1.7 ملین افغانوں کے انخلاء کا حکم جاری ہونے کے بعد سے 1 لاکھ سے زائد افراد افغانستان واپس جا چکے ہیں۔
حکومتِ پاکستان کا کہنا ہے کہ ملک میں دہشت گردی کے واقعات میں تیزی سے اضافے اور ان واقعات میں افغان شہریوں کے ملوث ہونے کے شواہد سامنے آنے کے بعد یہ فیصلہ ملک و قوم کی ’فلاح و سلامتی‘ کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔