اسلام آباد‘ پشاور (خبر نگار خصوصی+ نمائندہ خصوصی+ اپنے سٹاف رپورٹر سے+ سب تکرپورٹ) خیبر پی کے کے ضلع وادی تیراہ میں دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں لیفٹیننٹ کرنل اور 3 فوجی جوان شہید ہوگئے جبکہ تین دہشت گرد بھی مارے اور 3 زخمی ہو گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق چھ نومبر کی رات سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر وادی تیراہ میں آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا، جس میں قیادت کرنے والے 43 سالہ لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر نے جام شہادت نوش کیا۔ دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں نائیک خوش دل خان، لانس نائیک رفیق خان، لانس نائیک عبد القادر نے بھی جام شہادت نوش کیا۔ علاقے میں باقی دہشتگردوں کا صفایا کرنے کیلئے آپریشن جاری ہے۔ سکیورٹی فورسز دہشتگردی کی لعنت کو جڑ سے ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔ بہادر جوانوں کی قربانیاں اس عزم کو مستحکم بناتی ہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران بہادری سے لڑتے ہوئے لیفٹیننٹ کرنل سمیت 4 جوان وطن عزیز پر قربان ہو گئے۔ شہید ہونے والوں میں لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر‘ عمر 43 سال‘ رہائشی اسلام آباد‘ نائیک خوشدل خان عمر 31 سال رہائشی ضلع لکی مروت‘ نائیک رفیق خان عمر 27 سال رہائشی ڈسٹرکٹ چارسدہ اور لانس نائیک عبدالقادر عمر 33 سال‘ ضلع مری کا رہائشی شامل ہیں۔ علاقے میں موجود کسی بھی دہشت گرد کے خاتمے کے لئے کلیئرنس آپریشن کیا جا رہا ہے۔ وزیراعظم انوار الحق کاکڑ‘ وزیر داخلہ سرفراز بگٹی‘ مرتضیٰ سولنگی‘ آصف زرداری اور مولانا فضل الرحمن نے اظہار افسوس کرتے حملے کی مذمت کی۔ سرفراز بگٹی نے کہا شہداءاصل قوم کے ہیرو ہیں۔ وزیراطلاعات نے کہا قوم پاک فوج کو سلام پیش کرتی ہے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق نگران وزیراعظم نے شہید ہونے والے لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر، نائیک خوش دل خان، نائیک رفیق خان اور لانس نائیک عبدالقادر کیلئے بلندی درجات کی دعا کی۔ نگران وزیراعظم نے شہداءکے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار اور ان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے جوانوں نے تیراہ میں وطن کی حفاظت کی خاطر جام شہادت نوش کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔ ملک کے امن کے دشمنوں کے ناپاک عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر، نائیک خوشدل خان، نائیک رفیق خان اور لانس نائیک عبدالقادر کی نماز جنازہ پشاور گیریژن میں ادا کر دی گئی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق تمام شہداء کو ان کے آبائی علاقوں میں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔ نماز جنازہ میں کور کمانڈر پشاور سمیت حاضر سروس افسروں‘ جوانوں، سول افسروں اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔