پاکستان کی متنازع ٹک ٹاکر و اداکارہ حریم شاہ نے کئی بار جنسی ہراسانی کا شکار بننے اور منی لانڈرنگ میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے۔
حریم شاہ نے حال ہی میں ایک پوڈ کاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے اپنے بارے میں میڈیا پر سامنے آنے والے تنازعات کے بارے میں بات کی۔
اُنہوں نے انکشاف کیا کہ میں زندگی میں کئی بار جنسی ہراسانی کا شکار ہو چُکی ہوں لیکن جن لوگوں نے مجھے جنسی طور پر ہراساں کیا جواب میں ان کا میں نے اس انداز میں نقصان کیا کہ انہیں سمجھ ہی نہیں آئی کہ یہ لڑکی کیسے ان کی زندگی میں آئی اور کیا کر کے چلی گئی۔
ٹک ٹاکر نے کہا کہ زندگی میں جو ہونا تھا وہ ہو گیا، میں اپنے کسی بھی کام پر افسوس نہیں کرتی اور نہ ہی میں نے کبھی اپنے کسی کام پر ملال کیا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ میں اب بھی یہ نہیں کہہ سکتی کہ میں نے زندگی میں اب سب سیکھ لیا ہے کیونکہ ہو سکتا ہے کہ اس کے بعد بھی مجھ سے غلطیاں ہو جائیں۔
حریم شاہ نے کہا ہے کہ میں نے مشہور سیاسی شخصیات کے ساتھ جو کچھ بھی کیا اس کی وجہ کبھی بھی پیسہ یا مقبولیت نہیں تھی بلکہ میں جو بھی کرتی ہوں وہ ایسے افراد کا اصل چہرہ پاکستانی عوام پر واضح کرنے کے لیے کرتی ہوں۔
اُنہوں نے پیسوں کے ساتھ اپنی وائرل ویڈیو کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ پیسے کسی کے تھے لیکن اس کے لیے میں ایک انکشاف ضرور کروں گی کہ پاکستان میں ایف آئی کا ادارہ خود منی لانڈرنگ میں ملوث ہے اور میں بھی منی لانڈرنگ میں ملوث رہ چکی ہوں۔
ٹک ٹاکر نے یہ بھی کہا کہ میں جانتی ہوں کہ مجھے ایسا کام نہیں کرنا چاہیے تھا کیوں کہ یہ غلط ہے لیکن لوگوں میں مقبول شخصیات سے ایسے کام کروائے جاتے ہیں، ہو سکتا ہے کہ اب یہ سلسلہ بند ہو چُکا ہو لیکن بہت سے لوگ اسی طرح ملک سے باہر پیسے لے کر جاتے ہیں۔