وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے سابق ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) اور مسلم لیگ ن سندھ کے صدر بشیر میمن کا کہنا ہے کہ ہم خیال جماعتیں سندھ کی بہتری کے لیے آگے بڑھیں گی۔
بشیر میمن نے لاہور میں ایم کیو ایم پاکستان اور مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف و دیگر پارٹی رہنماؤں کے ساتھ ملاقات کی۔
ملاقات کے بعد مسلم لیگ ن اور ایم کیو ایم پاکستان کے پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ ن لیگ نے مجھ پر اعتماد کیا، اس پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔
بشیر میمن کا کہنا ہے کہ نواز شریف نے معیشت کی بات کی، انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ترقی کرانا ہے، پاکستان میں ترقی کی شرح کی رفتار 6 فیصد سے زائد ہو گی۔
یاد رہے کہ لاہور میں ملاقات کے بعد پاکستان مسلم لیگ ن اور ایم کیو ایم نے مشترکہ اعلامیہ جاری کیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق دونوں جماعتوں نے عوام کو مسائل سے نکالنے، پاکستان کو ترقی کی راہ پر دوبارہ گامزن کرنے کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی پر اتفاق کیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں جماعتوں نے 6 رکنی کمیٹی قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔
یہ کمیٹی سندھ بالخصوص شہری علاقوں کے مسائل کے حل کے لیے جامع چارٹر تیار کرے گی۔