سری لنکا کے آل راؤنڈر اینجیلو میتھیوس نے بنگلا دیش کے خلاف میچ میں امپائر کی جانب سے ’ٹائم آؤٹ‘ کے فیصلے کو غلط قرار دیتے ہوئے ویڈیو ثبوت پیش کر دیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر سری لنکن کھلاڑی نے ویڈیو ثبوت دیتے ہوئے اپنا معاملہ عوام کی عدالت میں رکھ دیا۔
انہوں نے 52 سیکنڈز کی مختصر ویڈیو سوشل میڈیا سائٹ پر جاری کی ہے جس میں سر ی لنکا کی جانب سے پانچویں پوزیشن پر بیٹنگ کرنے والے کھلاڑی سمارا ویریا وکرما کی وکٹ گرنے پر اینجیلو میتھیوس اپنے مقررہ وقت یعنی 1 منٹ 50 سیکنڈ پر پچ پر آ کر بلا سنبھالتے ہوئے نظر آئے۔
تاہم اگلے ہی لمحے ان کے ہیلمٹ کا اسٹریپ ٹوٹ جاتا ہے جس پر وہ وقت مانگ کر ساتھی کھلاڑی کو ہیلمٹ لانے کا کہتے ہیں۔
سری لنکن کھلاڑی نے مذکورہ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا ہے کہ میں اپنا معاملہ آپ پر چھوڑتا ہوں، آپ دیکھیں اور فیصلہ کریں۔
یاد رہے کہ بھارت میں جاری انٹر نیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے ورلڈ کپ 2023ء میں گزشتہ روز دو بار تاریخ رقم ہوئی، پہلی سری لنکن کھلاڑی اینجیلو میتھیوس کرکٹ کی تاریخ میں ٹائم آؤٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی بن گئے جبکہ ورلڈ کپ میں بنگلا دیش نے سری لنکا کو پہلی مرتبہ شکست دی ہے۔