اسلام آباد (خبر نگار خصوصی+ آئی این پی) لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر کی نماز جنازہ چکلالہ گیریژن میں ادا کر دی گئی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق انہیں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔ ان کی نماز جنازہ میں نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ، وزیر دفاع، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر اور بڑی تعداد میں سول و فوجی افسران، فوجی جوانوں، شہریوں اور شہید کے رشتے داروں نے شرکت کی۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ان کی عمر 42 سال تھی اور وہ ڈی ایچ اے ٹو اسلام آباد میں رہائش پذیر تھے۔ وہ خیبر پی کے کے علاقہ وادی تیراہ میں شہید ہوئے۔ لکی مروت سے تعلق رکھنے والے 31 سالہ نائیک خوشدل خان، چارسدہ سے تعلق رکھنے والے 27 سالہ نائیک رفیق خان اور مری سے تعلق رکھنے والے 33 سالہ لانس نائیک عبدالقادر کی نماز جنازہ بھی ان کے آبائی علاقوں میں ادا کر دی گئی۔ پاکستان کی مسلح افواج ملک سے دہشت گردی کے ہر قیمت پر خاتمہ کیلئے پرعزم ہے۔ صدر عارف علوی نے شہداءکو خراج عقیدت پیش کرتے کہا ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ دہشتگردی کا مکمل خاتمہ کریں گے۔ شہداءکے درجات کی بلندی کیلئے دعا بھی کی۔نائیک خوشدل خان لکی مروت‘ نائیک رفیق خان چارسدہ اور لانس نائیک عبدالقادر ساکن ضلع مری کی نماز جنازہ ان کے آبائی علاقوں میں ادا کر دی گئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شہداءکو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔ نماز جنازہ میں پاک فوج کے افسروں، جوان، عزیز واقارب اور اہل علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شہداءکی قربانیاں دہشتگردی کے خلاف جاری جنگ میں عزم اور حوصلے کو مزید تقویت دیتی ہیں۔ دہشتگردوں کے خلاف جاری جنگ آخری دہشتگرد کے خاتمے تک جاری رہے گی۔
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) 43ویں پاکستان آرمی رائفل ایسوسی ایشن (PARA) کے زیر اہتمام میگا شوٹنگ ایونٹ جہلم میں اختتام پذیر ہو گیا۔ میگا شوٹنگ ایونٹ کا انعقاد 3 اکتوبر سے 7 نومبر 2023 تک آرمی مارکس مین شپ یونٹ (AMU) جہلم میں ہوا۔ ان مقابلوں کی اختتامی تقریب گزشتہ روز جہلم میں چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شوٹنگ مقابلوں میں آرمی، نیوی، ایئر فورس، سول آرمڈ فورسز بشمول رینجرز (سندھ اور پنجاب)، فرنٹیئر کور اور گلگت بلتستان سکاﺅٹس کے 2000 سے زائد فائررز کے ساتھ ساتھ عام شہریوں نے بھی حصہ لیا۔ آرمی چیف اور چیف آف دی ایئر سٹاف، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، جو تقریب کے مہمان خصوصی تھے، نے ہر کیٹیگری میں ایوارڈ جیتنے والوں اور رنر اپ کو ٹرافیاں اور میڈلز سے نوازا۔ انٹر سروسز میچز میں پاکستان آرمی نے چاروں مقابلے جیتے جن میں CJCSC، COAS، CAS اور CNS میچز شامل ہیں جبکہ پاکستان نیوی اور پاکستان ایئر فورس نے بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔ پاکستان آرمی نے مجموعی طور پر چیمپئن شپ ٹرافی حاصل کی جبکہ پاکستان نیوی اور پاک فضائیہ نے دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔ پریذیڈنٹ کپ نیشنل چیلنج میچ کی ٹرافی آرمی نشانہ باز یونٹ کے نائیک وسیم کو دی گئی۔ پاک فوج نے پرائم منسٹر سکلز ایٹ آرمز بگ بور نیشنل چیلنج جیت لیا۔ پیرا فائرنگ میچز (انفنٹری سکواڈ) میں پاکستان رینجرز پنجاب نے پہلا انعام حاصل کیا۔ فوجی شوٹنگ کا سب سے بڑا اعزاز، ‘دی ماسٹر ایٹ آرمز’ ٹرافی 30 فرنٹیئر فورس رجمنٹ کے لانس نائیک بنارس کو دیا گیا۔ بہترین شاٹ میچ ٹرافی 82 (SP) میڈیم رجمنٹ آرٹلری کے نائیک شیر افضل کو دی گئی۔ اس موقع پر شوٹنگ مقابلوں کے شرکاءسے بات چیت کرتے ہوئے آرمی چیف نے فائرنگ کرنے والوں کی نشانے بازی کے بہترین معیار کو سراہا۔ شوٹنگ کی مہارت کو ایک پیشہ ور سپاہی کی پہچان قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شوٹنگ میں مہارت حاصل کرنا بنیادی فوجی تربیت کے مقاصد میں رہنا چاہیے۔ قبل ازیں آمد پر انسپکٹر جنرل ٹریننگ اینڈ ایویلیوایشن نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔