اسلام آباد راولپنڈی (خبر نگار خصوصی+ وقائع نگار + سب تکرپورٹ) غزہ کے برادر عوام کے لیے پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے انسانی ہمدردی امدادکی دوسری کھیپ منگل کو مصر کے العریش انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر پہنچ گئی۔ مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں پاکستانی سفارت خانے کے جاری بیان کے مطابق پاکستان سے 89.6 ٹن انسانی ہمدردی اور طبی امداد کی دوسری کھیپ لے کر خصوصی طیارہ مصر پہنچا۔ سینیٹر مشتاق احمد اور مصر میں پاکستانی سفارت خانے کے حکام نے غزہ میں فلسطینی ہلال احمر سوسائٹی کو امداد کی فراہمی کے لیے مصری ہلال احمر سوسائٹی کے حوالے کیا۔ علاوہ ازیں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی اور وزیر برائے انسانی حقوق خلیل جارج نے غزہ کے عوام کے لیے پاکستان سے امدادی سامان کی دوسری کھیپ لے جانے والی خصوصی پرواز کو منگل کو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے روانہ کیا۔ دفتر خارجہ کے مطابق امدادی سامان کی روانگی کے موقع پر ہونے والی تقریب میں فلسطینی سفیر احمد جواد ربیع، وزارت خارجہ اور این ڈی ایم اے کے سینئر حکام بھی موجود تھے۔ وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے خطاب کرتے ہوئے فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور اسرائیل کی جانب سے غزہ میں محصور خواتین اور بچوں سمیت شہریوں کے خلاف طاقت کے وحشیانہ، غیر متناسب اور اندھا دھند استعمال کی مذمت کی۔