آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کے بیٹر گلین میکسویل کی ورلڈ کپ میچ میں افغانستان کے خلاف شاندار بیٹنگ پر تعریفوں کا سلسلہ جاری ہے۔
بھارتی بیٹر ویرات کوہلی بھی گلین میکسویل کی تعریف کیے بنا نہ رہ سکے۔
سوشل میڈیا پر ویرات کوہلی نے لکھا کہ یہ صرف آپ کر سکتے تھے اور یہ سب غیر معمولی تھا۔
بھارت کے سابق کرکٹر سچن ٹنڈولکر نے بھی گلین میکسویل کی تعریف کی اور لکھا کہ شدید دباؤ میں بہت شاندار پرفارمنس دی گئی، یہ میری زندگی کی بہترین اننگز ہے جو میں نے دیکھی۔
سچن ٹنڈولکر کا کہنا ہے کہ ابراہیم زادران نے شاندار اننگز کھیل کر افغانستان کو اچھی پوزیشن پر لاکھڑا کیا، دوسری اننگز کا آغاز بھی اچھا تھا، افغانستان نے 70 اوورز کی اچھی کرکٹ کھیلی۔
سچن ٹنڈولکر کا کہنا ہے کہ گلین میکسویل نے آخری 25 اوورز میں قسمت کو تبدیل کر کے رکھ دیا۔
علاوہ ازیں پاکستان سمیت دیگر ممالک کے کرکٹرز بھی آسٹریلوی بیٹر کی تعریف کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ورلڈ کپ کے میچ میں افغانستان کے خلاف ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے مکمل فِٹ نہ ہونے کے باوجود گلین میکسویل نے 128 گیندوں پر 10 چھکوں اور 21 چوکوں کی مدد سے 201 رنز بنا کر آسٹریلیا کو میچ جتوا کر ورلڈ کپ سیمی فائنل میں پہنچا دیا تھا۔