پاکستان تحریکِ انصاف کے وکیل بیرسٹر گوہر نے مطالبہ کیا ہے کہ الیکشن کمیشن کی آئینی ذمے داری ہے کہ وہ لیول پلیئنگ فیلڈ کے لیے کردار ادا کرے۔
پاکستان تحریکِ انصاف کے وکیل بیرسٹر گوہر نے الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ چیف الیکشن کمشنر سے بابر اعوان اور میں نے ملاقات کی ہے، یہ ملاقات ہماری درخواست پر ہوئی۔
انہوں نے بتایا کہ تقریباً 45 منٹ کی ملاقات میں چیف الیکشن کمشنر اور ممبرز موجود تھے، ہم نے اپنا چارٹر آف ڈیمانڈ الیکشن کمیشن کو دیا ہے، ہم نے کہا ہے کہ ہمیں میٹنگ کی اجازت نہیں دی جا رہی، پی ٹی آئی کے جھنڈے اور بینرز پرنٹ نہیں ہونے دیے جا رہے۔
بیرسٹرگوہر نے کہا کہ ہم نے الیکشن کمیشن کو کہا ہے ایک نوٹیفکیشن جاری کریں،جس میں ہمیں فری اینڈ فیئر الیکشن مہم کی اجازت دی جائے، نگراں حکومت فنڈز جاری کر رہی ہے جو کہ نہیں کر سکتی۔
میڈیا ٹاک کے دوران انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا انتخابی نشان کا آرڈر ابھی تک ریلیز نہیں کیا گیا، الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ بلے کا نشان پی ٹی آئی کا ہی ہو گا، کوئی چیئرمن مائنس نہیں ہو گا، جو چیئرمین پی ٹی آئی ہیں وہ رہیں گے۔
بیرسٹرگوہر کا یہ بھی کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن ایک آئینی ادارہ ہے، چیف الیکشن کمشنر نے ہماری تمام گزارشات ماننے کی یقین دہانی کروائی ہے، آج کی ملاقات سے امید ہے کہ الیکشن کمیشن اپنا کردار ادا کرے گا۔