فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے کہا ہے کہ سیکیورٹی صورتحال بہتر ہونے پر غیرملکی یرغمالیوں کو رہا کرنے پر تیار ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق لبنان کے دارالحکومت بیروت میں حماس رہنما اسامہ حمدان اور دیگر رہنماؤں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی وزیراعظم کو حماس کی قید میں فوجیوں کی قیمت چکانا پڑے گی۔
حماس رہنماؤں نے کہا کہ غزہ کی پٹی میں تمام اسپتالوں میں فلسطینی جنگجوؤں کی موجودگی میں حقیقت نہیں۔ بین الاقوامی اداروں کے نمائندے اسپتالوں میں جاکر خود تصدیق کرسکتے ہیں۔
حماس رہنماؤں نے کہا کہ غزہ کی پٹی میں فلسطینی جنگجوؤں نے اسرائیلی فورسز کو شدید نقصانات سے دوچار کیا ہے۔ ہر دن کے ساتھ اسرائیلی فورسز کے نقصانات بڑھتے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حماس کے جنگجوؤں نے اسرائیلی فوج کے اعلیٰ عہدیدار کو ہلاک کر دیا۔
حماس رہنماؤں نے کہا کہ امریکا غزہ کی پٹی پر اپنی اجارہ داری قائم کرنے کا منصوبہ روک دے۔
حماس رہنما اسامہ حمدان کے مطابق یرغمالیوں سے متعلق حماس اور اسرائیل کے درمیان ثالثوں کے ذریعے بات چیت ہو رہی ہے، موجودہ صورتحال یرغمالیوں کی رہائی کے لیے کسی بھی صورت میں سازگار نہیں۔