صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے یومِ اقبال کے موقع پر مصورِ پاکستان ڈاکٹر محمد اقبال کو ان کی خدمات پرخراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
صدرِ مملکت عارف علوی نے اقبال ڈے کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ برِصغیر کے عظیم مفکر، فلسفی، شاعر اور سیاسی رہنما کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں، پوری قوم علامہ اقبال کی علمی، فکری اور سیاسی خدمات کا اعتراف کرتی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کی شاعری اردو زبان کی تاریخ میں ایک روشن باب کی حیثیت رکھتی ہے۔
صدرِ پاکستان کا کہنا ہے کہ علامہ اقبال نے اپنے کلام کے ذریعے مسلمانانِ برصغیر کو سیاسی جلا بخشی، قوم کو خوابِ غفلت سے جگایا اور اپنی تقدیر کا فیصلہ خود کرنے کا جذبہ بیدار کیا۔
ڈاکٹر عارف علوی کا یہ بھی کہنا ہے کہ علامہ اقبال نے نوجوانوں کو موضوع بنایا، خودی کا جذبہ اور عقابی روح بیدار کرنے کا سبق دیا، ان کا فلسفۂ خودی انقلابی حیثیت کا حامل ہے۔
اہلِ پنجاب اقبال کی عظمت کو سلام پیش کرتے ہیں: صوبائی وزیر
صوبائی وزیر برائے ٹرانسپورٹ، لائیو اسٹاک اور مائنز اینڈ منرلز ابراہیم حسن مراد نے اقبال ڈے پر علامہ اقبال کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ علامہ اقبال کے یومِ پیدائش پر اہل پنجاب ان کی عظمت کو سلام پیش کرتے ہیں۔
صوبائی وزیر نے یہ بھی کہا ہے کہ علامہ اقبال نے اپنی شاعری کے ذریعے برِصغیر کے مسلمانوں کو آزادی اور شعور کا پیغام دیا۔
’علامہ محمّد اقبال کو فلسطین کے ساتھ قلبی لگاؤ تھا‘
اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے یومِ اقبال پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مفکرِ پاکستان علامہ اقبال کے افکار ہر رنگ ونسل سے تعلق رکھنے والوں کی رہنمائی کرتے ہیں، علامہ اقبال کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ملک کے موجودہ چیلنجز پر قابو پایا جاسکتا ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے مزید کہا ہے کہ مفکر پاکستان علامہ اقبال نے ایک اعتدال پسند اور روشن خیال اسلامی معاشرے کا تصور پیش کیا، حکیم الامت علامہ محمّد اقبال اتحاد بین المسلمین کے بڑے داعی تھے، علامہ اقبال گزشتہ صدی کے سب سے بڑے شاعر، مفکر اور فلسفی تھے۔
اسپیکرراجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ علامہ محمّد اقبال کو فلسطین کے ساتھ قلبی لگاؤ تھا، علامہ اقبال نے اپنی شاعری سے فلسطین پرصہیونی طاقتوں کے دعوے کو یکسر مسترد کیا، علامہ اقبال نے موتمراسلامی کی دعوت پریروشلم میں مسئلہ فلسطین پر منعقدہ عالمی کانفرس میں شرکت کی، شدید علالت کے باوجود علامہ اقبال نے مسئلہ فلسطین پر قائداعظم کو خط لکھا۔
نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان کا پیغام
علامہ محمد اقبال کے یومِ ولادت پر نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان علی مردان خان ڈومکی نے کہا ہے کہ قوم علامہ اقبال کی تحریکِ پاکستان اور امت مسلمہ کے لیے خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے، علامہ اقبال کےخواب کی تعبیر میں برصغیر کے مسلمانوں کے لیے الگ وطن حاصل کیا گیا۔
علی مردان خان ڈومکی نے مزید کہا ہے کہ عالمی چیلنجز کا سامنا کرنے کے لیے اقبال کا فلسفہ خودی مؤثر ہتھیار ہوسکتا ہے، اقبال کی فکر سے وابستگی کا تقاضا ہے کہ پاکستان کو ان کے حقیقی تصور میں ڈھالیں۔
’علامہ اقبال نے نوجوانوں کو کھوئی ہوئی میراث سے روشناس کرایا‘
یوم اقبال پر گورنرخیبر پختونخوا گورنرغلام علی نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ علامہ اقبالؒ کا خودی کا تصور ملک کو ترقی دینے کے لیے مشعل راہ ہے، ہمیں ملک کی ترقی وخوشحالی کے لیے متحد ہو کر آگے بڑھنا ہوگا۔
گورنر غلام علی کا کہنا ہے کہ علامہ اقبال نے نوجوانوں کو اسلاف کی قربانیوں، عظمت اور کھوئی ہوئی میراث سے روشناس کرایا، اقبال نے نوجوانوں کو نئے امکانات کی تلاش کا درس دیا۔