اسرائیلی وزیرِ اعظم بنجمن نیتن یاہو کے بھتیجے یائر ایڈو نیتن یاہو کے بارے میں یہ خبریں گردش کر رہی ہیں کہ اُنہیں القسام بریگیڈ نے غزہ میں ہلاک کر دیا ہے۔
ترک میڈیا کی ایک رپورٹ میں روسی میڈیا کا حوالہ دیتے ہوئے یہ بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی وزیرِ اعظم کے بھتیجے یائر ایڈو نیتن یاہو کو غزہ میں ہلاک کر دیا گیا ہے۔
رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج میں کیپٹن کے عہدے پر خدمات انجام دینے والے یائر ایڈو نیتن یاہو کو مبینہ طور پر القسام بریگیڈ نے ہلاک کیا ہے۔
اسرائیلی وزیرِ اعظم کے بھتیجے کی موت کی خبر فلسطینی مزاحمتی گروپس کے الاقصیٰ فلڈ آپریشن کے بعد بڑھی ہوئی کشیدگی کے درمیان سامنے آئی ہے۔
کچھ رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی اخبار ٹائمز آف اسرائیل نے اسرائیلی دفاعی فورسز کے پیراٹروپرز کی101 ویں بٹالین کے عدی سے تعلق رکھنے والے 20 سالہ سپاہی یائر نفوسی کی موت کی خبر دی ہے اور پبلیکیشن نے اپنی ویب سائٹ پر ان کی تصویر بھی شیئر کی ہے تاہم یہ نہیں بتایا کہ وہ اسرائیلی وزیرِ اعظم کے بھتیجے تھے یا نہیں۔
یہ تصویر جسے ٹائمز آف اسرائیل نے یائر نیفوسی کی موت کی خبر کے ساتھ شیئر کیا ہے، اسی تصویر کو روسی میڈیا نے اسرائیلی وزیرِ اعظم کے بھتیجے کی غزہ میں ہلاکت کی خبر کے ساتھ سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر شیئر کیا ہے۔
اسرائیلی وزیرِ اعظم بنجمن نیتن یاہو یا اسرائیلی میڈیا نے ابھی تک متوفی کے اسرائیلی وزیرِ اعظم سے تعلق کی تصدیق یا تردید نہیں کی ہے۔