راولپنڈی ( سب تکرپورٹ) استحکام پاکستان پارٹی نے راولپنڈی میں پارٹی دفتر کا افتتاح کر دیا ہے۔ پیٹرن انچیف جہانگیر خان ترین اور صدر عبدالعلیم خان نے پارٹی دفتر کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ جہانگیر خان ترین نے کہا کہ ہم نے روایتی سیاسی پارٹیوں کو چھوڑ کر نئے جذبے سے کام شروع کیا ہے اور ہم نے ایسا پاکستان بنانا ہے جس کو دیکھ کر لوگ خوش ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہم روایتی سیاستدان نہیں ہیں، سب کچھ چھوڑ کر ملک کی خاطر کام کر رہے ہیں۔ عبدالعلیم خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ پی ٹی آئی والوں نے ملک اور عوام کے ساتھ جھوٹ بولا اور ایماندار اور اہل قیادت دکھا کر ایسے نا اہل، کرپٹ اور بے ایمان شخص کو پنجاب پر مسلط کیا جس کو اردو، انگریزی اور پنجابی کچھ بولنا نہیں آتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اگر بزدار اتنا ہی اہل تھا تو اسے شوکت خانم ہسپتال کا چیگ ایگزیکٹو بنا دیا جائے اور فرح گوگی کو نمل یونیورسٹی میں لگا کر دیکھ لیں کہ کتنے لوگ ان پر اعتماد کر کے چندہ دیتے ہیں۔ دریں اثناءجہانگیر خان ترین اور صدر عبدالعلیم خان سے لاہور سے پی ٹی آئی کے سابق ٹکٹ ہولڈر فیاض بھٹی نے ملاقات کی جبکہ فیاض بھٹی نے پی ٹی آئی کو خیرباد کہتے ہوئے اپنے تمام ساتھیوں سمیت استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔