پنجاب حکومت نے اسمارٹ لاک ڈاؤن میں معمولی تبدیلی کردی۔
اس حوالے سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق کال سینٹرز اور انٹرنیشنل آئی ٹی سینٹرز کو بھی کام کی اجازت دے دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ پنجاب میں اسموگ کے باعث گوجرانوالہ سمیت 5 اضلاع میں اسمارٹ لاک ڈاؤن لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
کمشنر گوجرانوالہ کے مطابق 10 نومبر سے 12 نومبر تک گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، حافظ آباد اور وزیرآباد میں اسمارٹ لاک ڈاؤن ہوگا۔
کمشنر کے مطابق اسمارٹ لاک ڈاؤن کے دوران تمام اسکول، دفاتر، مارکیٹیں، تفریحی مقامات ، شادی ہال،سنیماگھر بند رہیں گے جبکہ فصلوں کی باقیات ، کوڑا کرکٹ جلانے پر دفعہ 144 کے تحت مقدمات درج ہوں گے۔
کمشنر گوجرانوالہ نے شہریوں سے درخواست کی کہ وہ نقل ، حرکت کو محدود رکھیں۔
واضح رہے کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے ) نے پہلے ہی اسموگ ایڈوائزری جاری کی ہوئی ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق آئندہ ہفتےوسطی،جنوبی پنجاب میں اسموگ خطرناک حد تک پہنچنے کا امکان ہے۔
علاوہ ازیں پنجاب میں اسموگ کی روک تھام کے لیے آج سے پابندیوں کا نفاذ کردیا گیا ہے۔
اسموگ کی وجہ سے پنجاب حکومت نے مخصوص اضلاع میں جمعے کے دن چھٹی دینے کا فیصلہ کیا ہے۔