بالی ووڈ کی معروف اداکارہ سارہ علی خان نے اداکار کارتک آریان سے بریک اَپ کے بارے میں کہا ہے کہ کسی سے تعلق ختم ہونا تکلیف دہ ہوتا ہے۔
سارہ علی خان نے حال ہی میں مشہور بھارتی ٹاک شو کافی ود کرن کے سیزن 8 میں ساتھی اداکارہ اننیا پانڈے کے ساتھ بطور مہمان شرکت کی۔
سارہ علی خان ماضی میں کارتک آریان کو ڈیٹ کر چکی ہیں جبکہ اننیا پانڈے کی بھی اداکار سے قریبی دوستی رہی ہے، اس لیے میزبان کرن جوہر نے ان دونوں سے ایک مشکل سوال کیا کہ کیا آپ دونوں کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ دوستی رکھنا آسان ہو گا اگر آپ دونوں ہی کارتک آریان کو ماضی میں ڈیٹ کر چکی ہوں؟
سارہ علی خان نے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ میں یہ نہیں کہوں گی کہ یہ سب آسان ہے کیونکہ یہ ہمیشہ آسان نہیں ہوتا۔
اُنہوں نے کہا کہ جب آپ کسی کے ساتھ کوئی تعلق بناتے ہیں، چاہے وہ آپ کے دوست ہوں، چاہے وہ تعلق پیشہ ورانہ ہو یا پھر رومانوی ہو جیسے کہ اگر میں نے کسی کے ساتھ کوئی تعلق قائم کیا میں نے اس تعلق کو اپنا وقت دیا تو ظاہر ہے جب وہ تعلق ختم ہوتا ہے تو انسان کو تکلیف ہوتی ہے۔
اداکارہ نے کہا کہ لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ آپ کو زندگی میں آگے بڑھنا ہوتا ہے اور میں نے فلم انڈسٹری میں کام کرنے کے بعد یہ محسوس کیا ہے کہ یہاں کوئی مشکل مستقل نہیں رہتی اور کوئی بہترین دوستیاں نہیں ہوتیں اور کوئی کسی سے یہ وعدہ نہیں کر سکتا کہ میں فلاں شخص سے بات نہیں کروں گا۔
واضح رہے کہ اداکارہ سارہ علی خان نے 2020ء میں ریلیز ہونے والی فلم’لوو آج کل‘میں کارتک آریان کے ساتھ کام کیا تھا جس کے بعد دونوں کچھ عرصہ ایک دوسرے کو ڈیٹ کرتے رہے اور پھر بریک اَپ ہو گیا۔