نمائندہ خصوصی بین المذاہب ہم آہنگی حافظ طاہر محمود اشرفی کا کہنا ہے کہ فرح گوگی کی کرپشن کا معاملہ چیئرمین پی ٹی آئی کے سامنے آیا تھا، ان کو کرپشن کا بتایا گیا مگر انہوں نے مٹی ڈال دی۔
ایک بیان میں حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ فرح گوگی کے خلاف پی ٹی آئی کی حکومت کے دوران ہی کرپشن کے شواہد سامنے آ گئے تھے۔
ان کا کہنا ہے کہ کرپشن پر ایکشن کیوں نہیں ہوتا، مقدمات کے فیصلے کیوں نہیں ہوئے، انہیں باہر سے پکڑ کر لایا کیوں نہیں گیا۔
فرح گوگی کا نام لیے بغیر طاہر اشرفی نے کہا کہ یہ محترمہ کیا پرائم منسٹر اور وزیرِ اعلیٰ پنجاب تھیں، کیوں ان کے کہنے پر تبادلے ہوئے؟
ان کا مزید کہنا ہے کہ عام آدمی اتنی بڑی کرپشن اکیلے نہیں کر سکتا، لازمی اس کے پیچھے نیٹ ورک ہو گا۔
حافظ طاہر اشرفی کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستان جب ترقی کرے گا جب کرپشن کے خلاف ایکشن نظر آئے گا، احتساب کا معاملہ غیر سیاسی اور مصلحتوں سے بالا ہونا چاہیے۔