پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں پاکستان کے ساتھ ساتھ بھارت سے بھی 2، 3 فلموں کی پیشکش ہوئی تاہم انہوں نے فلموں کی آفر قبول کرنے سے انکار کر دیا تھا۔
حال ہی میں قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی نے ایک پوڈ کاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی جہاں انہوں نے اپنے کیریئر کے علاوہ نجی زندگی کے حوالے سے گفتگو کی۔
بوم بوم آفریدی نے دورانِ انٹرویو فلم کی آفرز ملنے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ایک سوال کا جواب دیا اور کہا کہ کام وہ کرنا چاہیے جو کرنا آتا ہو۔
انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ مجھے دو تین بار فلموں کی آفر ہوئی، بھارت اور پاکستان دونوں جگہوں سے آفر آئی لیکن میری پہچان کرکٹ سے ہے، اداکاری کا کبھی اس لیے نہیں سوچا کیونکہ اس طرف رجحان نہیں تھا، چند اشتہارات کیے اور ان میں اداکاری بھی کی لیکن کبھی فلموں میں اداکاری کرنے کا نہیں سوچا۔