لاہوراسلام آباد ( سب تکرپورٹ+ نمائندہ خصوصی+ این این آئی) حکیم الامت، مفکر پاکستان ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کا 146 واں یوم پیدائش عقیدت و احترام سے منایا گیا۔ شاعر مشرق، مفکرپاکستان ڈاکٹر علامہ محمد اقبال 9 نومبر 1877 کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے۔ ابتدائی تعلیم آبائی شہر اور لاہور سے حاصل کرنے کے بعد 1905 میں برطانیہ سے وکالت اور بعد میں جرمنی سے فلسفہ میں پی ایچ ڈی کی ڈگری بھی حاصل کی۔ حکیم الامت کا لقب پانے والے علامہ محمد اقبال نے نوجوانوں میں خودی کا جذبہ پیدا کیا۔ قوم کو بیداری کا سبق دیا۔ علامہ اقبال نے اپنی شاعری سے امت مسلمہ کو یک جہتی کا پیغام دیا۔ علامہ محمد اقبال کی شاعری نے ہندوستان کے مسلمانوں میں نئی روح پھونکی۔ انہیں نوجوانوں سے بڑی امیدیں وابستہ تھیں۔ علامہ اقبال نے نوجوانوں کو شاہین اورعقاب جیسے القابات سے بھی پکارا۔ ترجمان پاک فضائیہ کا کہنا تھا کہ اقبال کی شاعری میں فکر و خیال کی گہرائی ملتی ہے، تخلیق ارض پاک انہی کی فکری کاوشوں سے سرانجام پائی ہے۔ گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے علامہ اقبال کے یوم ولادت کے موقع پر لاہور میں مزار اقبال پر حاضری دے کر فاتحہ خوانی کی اور پھول رکھے۔ انہوں نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلم بلند کئے۔ علاوہ ازیں شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی۔ پاک بحریہ کے دستے نے مزار اقبال کے اعزازی گارڈ کے فرائض سنبھالے۔ تقریب کے مہمان خصوصی سٹیشن کمانڈر پاکستان نیوی لاہور کموڈور ساجد حسین نے سربراہ پاک بحریہ کی جانب سے مزار اقبال پر پھول چڑھائے۔ صدر مملکت اور نگران وزیراعظم سمیت مختلف سیاسی شخصیات نے شاعر مشرق کے 146 ویں یوم پیدائش پر ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کو خراج عقیدت پیش کیا۔ ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ علامہ اقبال نے اپنی شاعری اور خطبات سے قوم کی رہنمائی کی۔ سیاسی شعور بیدار کیا۔ آپ نے نوجوانوں کو اپنی شاعری کا موضوع بنایا۔ خودی کا جذبہ اور ”عقابی روح“ بیدار کرنے کا سبق دیا۔ علامہ اقبال کا فلسفہ خودی انقلابی حیثیت کا حامل ہے۔ نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے یوم پیدائش پر پیغام میں کہا کہ ڈاکٹر علامہ محمد اقبال نے نوجوانان برصغیر کو اپنے آباﺅ اجداد کی لازوال قربانیوں‘ ان کی دنیا کے ہر شعبے میں گراں قدر خدمات‘ ان کی عظمت‘ ترقی پسندیت اور ندرت فکر کی کھوئی ہوئی میراث سے روشناس کرایا۔ دریں اثناء پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر و سابق وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے 146ویں یوم پیدائش پر شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقبال ہماری فکری روایات کا سب سے روشن حوالہ ہیں۔ علامہ اقبال کا فلسفہ ایک ناقابل تسخیر تحریک اور پیغام ہے، اقبال کی فکر سے وابستگی کا یہ تقاضا ہے پاکستان کو حقیقی معنوں میں جمہوری فلاحی مملکت بنائیں۔ حکیم الامت نے برسوں پہلے ان مسائل کی پیشن گوئی کی جن کا آج ہمیں سامنا ہے، علامہ اقبال کی سوچ ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔