بالی ووڈ کی اداکارہ پائل گھوش نے انوکھی شرط رکھتے ہوئے بھارتی فاسٹ بالر محمد شامی کو شادی کی پیشکش کر دی۔
آئی سی سی ورلڈ کپ کے 33 ویں میچ میں جہاں بھارت نے سری لنکا کو یک طرفہ مقابلے کے بعد بڑے مارجن سے شکست دی، وہیں بھارتی فاسٹ بالر محمد شامی کی شاندار پرفارمنس نے بالی ووڈ کی اداکارہ پائل گھوش کا دل بھی جیت لیا۔
بھارت میں جاری ورلڈ کپ کے دوران بھارتی کھلاڑی محمد شامی نے اب تک 4 میچز میں 16 وکٹیں لی ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے بھارتی اداکارہ نے بھارتی کھلاڑی کو ٹیگ کیا اور انوکھی شرط کے ساتھ ان کی دوسری اہلیہ بننے کے لیے رضا مندی دی۔
اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ محمد شامی! اپنی انگریزی سدھار لو، میں تم سے شادی کرنے کے لیے تیار ہوں۔
اس کے ساتھ ہی انہوں نے ہنسنے والے ایموجز کا اضافہ بھی کیا ہے۔
واضح رہے کہ محمد شامی اور معروف ماڈل حسین جہاں 2014ء میں شادی کے بندھن میں بندھے تھے تاہم ان کی شادی زیادہ عرصہ چل نہ سکی اور مارچ 2018ء میں دونوں نے علیحدگی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا۔
ان کا علیحدگی کا کیس عدالت میں زیر سماعت ہے۔