قائدِ حزبِ اختلاف شہزاد وسیم نے سینیٹ اجلاس کے دوران ایوان میں وزراء کی عدم موجودگی پر اظہار برہمی کیا ہے۔
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی زیرِ صدارت سینیٹ کا اجلاس منعقد ہوا۔
ایوان میں وزراء کی عدم موجودگی پر اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میرے مطابق نگراں حکومت کے وزیروں کے پاس اتنا کام نہیں کہ وہ ایوان میں نہ آئیں، یہ روایت اچھی نہیں چاہے منتخب حکومت اسے اپنائے یا نگراں حکومت۔
اپوزیشن لیڈر شہزاد وسیم نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہم یہاں کہتے اور سنتے ہیں کہ پارلیمنٹ سپریم ہے، جو قوانین اشرافیہ کے لیے بنتے ہیں وہ بلز کمیٹیوں میں نہیں جاتے۔
انہوں نے کہا کہ ان بلوں پر بحث نہیں ہوتی لیکن وہ قانون بن جاتے ہیں، جو قوانین اشرافیہ کے لیے نہیں ان کو دونوں ایوانوں کی چھلنی سے گزارا جاتا ہے، یہاں بل پاس ہو جاتا ہے پھر بڑا مرحلہ ایوانِ صدر تک پہنچنا ہوتا ہے، بہت سے بل ایوان میں پاس ہو جاتے ہیں لیکن صدر کے پاس دستخط کے لیے نہیں پہنچتے۔
شہزاد وسیم نے یہ بھی کہا کہ جو بل یہاں منظور ہو کر غائب ہو جاتے ہیں ان کے لیے گمشدگی کا اشتہار نکالا جائے۔