میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ شہر کا باپ شہر کے عوام ہوتے ہیں، ہم آپ کو سستی بجلی پیدا کر کے دیں گے، ہم پنجاب میں بھی بے نظیر انکم سپورٹ جیسے پروگرام کا آغاز کریں گے۔
مرتضیٰ وہاب نے ضلع وسطی میں بختیاری یوتھ سینٹر دورہ کیا اور بتایا کہ آج سے اس کی تعمیر کا آغاز کیا جا رہا ہے۔
اُنہوں نے بتایا کہ بختیاری یوتھ سینٹر میں 15 ایکڑ زمین پر کرکٹ اور فٹبال گراؤنڈز بنائے جا رہے ہیں، 60 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے دونوں اسٹیڈیمز عالمی معیار کے ہوں گے،
میئر کراچی نے کہا کہ میں نے بختیاری یوتھ سینٹر میں کرکٹ کھیلی ہے، ضلع وسطی نے ماضی میں کرکٹ کے سپر اسٹارز پیدا کیے ہیں اور اب ایک بار پھر کراچی کے نوجوان عالمی سطح پر اپنا نام روشن کرنے کے لیے تیار ہوں گے۔
مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ کراچی کے تمام اضلاع میں یکساں ترقیاتی منصوبے مکمل کیے جا رہے ہیں، پیپلز پارٹی تنقید اور تعصب کی سیاست نہیں کرتی۔
اُنہوں نے کہا کہ کراچی کےتمام اضلاع میں یکساں ترقیاتی منصوبے مکمل کیے جا رہے ہیں، پیپلز پارٹی تنقید اور تعصب کی سیاست نہیں کرتی ہے، پیپلز پارٹی کے نمائندے شہر کی بہتری کے لیے کام کر رہے ہیں۔
مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ مینا بازار کے سامنے انڈر پاس بھی تعمیر کیا جا رہا ہے، 15 نومبر کو فیڈرل بی ایریا میں اقبال پارک کا افتتاح کریں گے، کوشش کر رہے ہیں کہ شہر کی بہتری کے لیے زیادہ سے زیادہ کام کریں۔
اُنہوں نے بتایا کہ شہرِ قائد میں نئی بسیں بھی آ چکی ہیں اور یلو لائن منصوبے کی بھی ٹینڈرنگ ہو چکی ہے، پیپلز پارٹی ہر شعبے میں کام کرے گی اور لوگوں کے مسائل حل کرے گی۔
میئر کراچی نے یہ بھی کہا کہ بشیر میمن صاحب اپنی پارٹی سے پوچھیں کہ کے فور کا منصوبہ کیوں مکمل نہیں ہوا، مردم شماری کو درست کرنے کے لیے پیپلز پارٹی نے اقدامات کیے۔