امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ دوبارہ صدر بنے تو غیرقانونی تارکین کے خلاف تاریخی آپریشن ہوگا۔
امریکی میڈیا نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے صدر بننے کی صورت میں غیرقانونی تارکین کو کیمپوں میں رکھ کر بے دخل کیا جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ دوبارہ صدر بنے تو ہر سال لاکھوں افراد کو ملک بدر کیا جائے گا، عشروں سے امریکا میں غیرقانونی طور پر مقیم افراد بھی بے دخل کئے جائیں گے۔
امریکی میڈیا کے مطابق سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ بعض مسلم ممالک کے شہریوں کے امریکا آنے پر پھر سے پابندی لگانا چاہتے ہیں۔
امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا کہ ڈونلڈ ٹرمپ متعدد بیماریوں کو بنیاد بناکر بھی لوگوں کے امریکا آنے پر پابندی لگائیں گے۔
ادھر نیو ہیمپ شائر میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ہم اپنی جنوبی سرحد پر حملے روکیں گے، اس کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں گے۔