زراعت کی دنیا کی بڑی نمائش ’ایگری ٹیکنیکا 2023‘ آج سے جرمنی کے شہر ہینوور میں شروع ہو رہی ہے۔
اس سال اس نمائش کا مرکزی خیال گرین پروڈکٹیویٹی رکھا گیا ہے۔
18 نومبر تک جاری رہنے والی اس نمائش میں زرعی مشینری بنانے والی بڑی کمپنیوں سمیت دنیا کے 55 ممالک سے تعلق رکھنے والے 2800 سے زائد نمائش کنندگان حصہ لے رہے ہیں۔
اس نمائش میں 23 ممالک نے اپنے نیشنل پویلین بھی بنا رکھے ہیں جہاں ان ممالک کی ایکسپورٹس کے اداروں کے تعاون سے 300 کمپنیاں شریک ہیں۔
جدید زراعت کی دنیا کی اس بڑی نمائش کی اہمیت اور وسعت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ 26 بڑے ہالز میں پھیلی ہوئی اس نمائش کو دیکھنے کے لیے دنیا بھر سے 4 لاکھ لوگوں کے شریک ہونے کا امکان ہے۔
اس نمائش میں جو بڑے موضوعات پیش نظر رکھے جاتے ہیں ان میں نئی مشینری، لائیو اسٹاک، ڈیری، پولٹری، ان سے متعلق ادویات، بیج، ان ڈور فارمنگ، روبوٹکس، کھیت اور اس میں پیدا ہونے والی اشیاء کے باقی بچ جانے والے حصوں سے توانائی پیدا کرنے اور فصلوں کے درمیان میں ہی انہیں خراب کیے بنا سورج سے توانائی کے حصول کے طریقوں کے علاوہ برداشت کے بعد پیداوار کو سنبھالنے کے طریقے شامل ہیں۔
اس کے علاوہ اس نمائش میں مسلسل منعقد ہونے والے سیمیناروں میں مختلف موضوعات کے ماہرین اس فیلڈ کی نئی تحقیق کے بارے میں بات کرتے ہیں۔