لاہور ( سب تکرپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے علی الصبح مزار بی بی پاکدامن کا تفصیلی دورہ کیا۔ صوبائی وزیر اوقاف اظفر علی ناصر بھی ہمراہ تھے۔ وزیراعلی محسن نقوی نے مزار بی بی پاکدامن کے تزئین و آرئش و توسیعی منصوبے کو جلد مکمل کرنے کا حکم دیا۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے ہدایت کی کہ تزئین وآرائش و توسیعی منصوبے کو اسی ماہ مکمل کیا جائے۔ وزیراعلی محسن نقوی نے مزار کی تزئین و آرائش اور توسیعی منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔ وزیراعلی محسن نقوی نے مزار کے توسیعی حصوں کا وزٹ کیا اور مزار کے مرکزی حصے اور گنبد کی تزئین و آرائش کے کام کا مشاہدہ کیا۔ وزیراعلی محسن نقوی نے مرکزی گنبد سمیت دیگر گنبد کے فنشنگ ورک کا معائنہ کیا اور سیکرٹری تعمیرات و مواصلات کو ضروری ہدایات دیں۔ وزیراعلی محسن نقوی نے مزار کے تمام گنبد کو خوبصورت لائٹس سے روشن کرنے کی ہدایت بھی کی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے مزار پر ملک کی ترقی، خوشحالی، استحکام، سالمیت، امن اور مظلوم فلسطینی مسلمانوں کی سلامتی کے لئے خصوصی دعا کی۔ دریں اثناءوزیراعلی محسن نقوی نے لاہو رکی 32بڑی سڑکوں پر عارضی تجاوزات مستقل طور پر دور کرنے کا حکم دے دیا۔ وزیر علیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں لاہورکی ٹریفک کی روانی میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کے لئے تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تجاوزات کے مستقل سدباب کے لئے پولیس، ٹریفک پولیس اور ایم سی ایل کے مشترکہ سکواڈ32مقامات پر تعینات ہوں گے اور ون وے کی خلاف ورزی کے سدباب کے لئے یوٹرن پر ٹائر کلر لگائے جائیں گے۔ ٹھوکر تا چوبرجی ملتان روڈ پر اعوان ٹاو¿ن اور ملتان چونگی چوک ری ڈیزائن ہوں گے۔ 135مقامات پر روڈ انجینئر نگ کے ایشو حل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے ترقیاتی منصوبوں کی وجہ سے ٹریفک کو بہتر متبادل راستوں پر روانی سے چلانے اور ٹیپا کو 32مقامات پر سڑکو ں اور چوراہوں کی ری سٹرکچرنگ کرنے کی ہدایت بھی کی۔ اجلاس میں جناح ہسپتال سے کریم بلاک تک انڈر پاس بنانے کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ٹریفک کی راہ میں حائل تجاوزات ختم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سڑکو ں کا پیچ ورک کے لئے فوری اقدامات کا حکم دیا۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے ڈیفنس میں ٹریفک کے المناک حادثے میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا۔ دریں اثناءوزیراعلیٰ نے کھڑیانوالہ کے قریب ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔ افسوسناک واقعہ کے بارے میں رپورٹ طلب کر لی ہے۔ انہوں نے کہا کہ غفلت کے ذمہ دار ڈرائیور کو قانون کی گرفت میں لایا جائے۔