سیالکوٹ‘ لاہور (نمائندہ سب تک+ سب تکرپورٹ) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے قطر میں حماس کے سربراہ اسماعیل ہانیہ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر حماس کی مرکزی قیادت اور جماعت اسلامی کے ڈائریکٹر امور خارجہ آصف لقمان قاضی بھی موجود تھے۔ اسماعیل ہانیہ نے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کو غزہ کی موجودہ صورت حال پر مکمل بریفنگ دی۔ اسماعیل ہانیہ نے سراج الحق کی ملاقات میں کہا کہ اہل غزہ و فلسطین کے عوام سے اظہار یکجہتی کرنے پر ہم جماعت اسلامی اور پاکستانی قوم کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے اسماعیل ہانیہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا پوری پاکستان قوم اور امت مسلمہ آپ کے ساتھ کھڑی ہے، سراج الحق نے اسماعیل ہانیہ کو19 نومبر لاہور میں تاریخی غزہ مارچ میں خطاب کی دعوت دی۔ دریں اثنا امیر جماعت اسلامی سراج الحق چھ روزہ دورے کے بعد پاکستان واپس پہنچ گئے ہیں انہوں نے اپنے چھ روزہ دورہ میں ایران، ترکیہ اور قطر کا دورہ کیا۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے استنبول میں فلسطین مارچ سے خطاب کیا۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے عالمی اسلامی تحریکوں کے رہنماوں سے ملاقاتیں کیں۔ سراج الحق نے ترکیہ میں سیاسی جماعتوں کے سربراہان سے ملاقاتیں کی۔ سراج الحق نے کہا ہے کہ حماس جنگ جیت چکی اسرائیل ہار چکا ہے۔ اہل غزہ کی 25 لاکھ کی آبادی اسرائیل بربریت کے سامنے سیسہ پلائی کی دیوار ثابت ہوئی ہے میں قائد مجاہدین کے امام اسماعیل ہنیہ کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے امریکہ، اسرائیل کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر مقابلہ کیا ہے۔ مسجد اقصیٰ، قبلہ اول ارض فلسطین کو بچانے کا یہی وقت ہے، ساری دنیا کی شیطانی قوتیں غزہ کو صفحہ ہستی سے مٹانے پر تلی ہوئی ہیں لیکن میں حماس کے سربراہ کی جرات کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، جنہوں نے امت مسلمہ کو پیغام دیا ہے کہ ہم آخری وقت اور آخری گولی تک اسرائیل سے لڑیں گے۔58 مسلم ممالک کے حکمران جاگ جائیں، مسلم ممالک کا اسلحہ کس کام کا ہے ان کے جہاز، ٹینک، میزائل کس دن کام آئیں گے، کیا یہ حکمران اس دن کا انتظار کر رہے ہیں کہ غزہ نعشوں کا ڈھیر کا ملبہ بن جائے، اہل غزہ و فلسطینی عوام کے ہر طبقہ نے اسرائیلی ٹینکوں کے سامنے سینہ سپر ہو کر ملت اسلامیہ کی میراث جدبہ جہاد کی یاد تازہ کر دی ہے۔ سعودی عرب میں او آئی سی کا سربراہی اجلاس ہوا لیکن امریکی خوف کی وجہ سے حماس کے نمائندے کو مدعو نہیں کیا گیا اور او آئی سی کے اجلاس میں مطالبہ بھی امریکہ، برطانیہ، اسرائیل، فرانس سے کیا گیا جو غزہ میں ہزاروں معصوم بچوں، خواتین، بوڑھوں، جوانوں کے قاتل ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں سیالکوٹ مرے کالج گراﺅنڈ میں لبیک یا فلسطین یوتھ کنونشن کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امیر جماعت اسلامی وسطی پنجاب محمد جاوید قصوری، صدر جے آئی یوتھ رسل خان بابر، امیر جماعت اسلامی سیالکوٹ میاں محمد آصف، سیکرٹری اطلاعت جماعت اسلامی قیصر شریف و دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ سراج الحق نے کہا کہ امریکی صدر جو بائیڈن بڑھاپے میں اسرائیل تل ابیب جا کر اسرائیل کو تھپکی دے کر مسلمانوں کے لائسنس ٹو Kill دے رہا ہے۔ پاکستان عالم اسلام کا سب سے اہم اور ایٹمی ملک ہے جو منظم فوج رکھتا ہے، اتنی عظیم حیثیت رکھنے کے باوجود پاکستان حکومت نے وہ کام نہیں کیا جس سے اہل فلسطین توقع رکھتے ہیں۔ عوام اقتدار کے منصب پر بیٹھنے والی جماعتوں سے پوچھیں کہ ہر پاکستانی آپ کی وجہ سے آئی ایم ایف، ورلڈ بنک کا مقروض ہوا ہے۔ آپ نے نہ روٹی دی، نہ کپڑا نہ مکان دیا نہ ہی عدل و انصاف فراہم کیا۔ دریں اثناءامیر جماعت اسلامی سیالکوٹ میاں محمد آصف نے امیر جماعت اسلامی کو اہل سیالکوٹ کی جانب سے اہل غزہ کی مدد کے لیے 4 کروڑ روپے کا چیک پیش کیا۔سراج الحق نے کہا دنیا کی شیطانی قوتیں غزہ کو صفحہ ہستی سے مٹانے میں مصروف ہیں، غزہ میں ہیروشیما سے زیادہ بارود استعمال کیا گیا افغانستان میں امریکہ نے بارود استعمال نہیں کیا گیا جتنا وہاں ہو رہا ہے یہ جنگ حماس جیت چکی ہے۔ اسرائیل ہار چکا ہے، اسرائیل کے خلاف کام کرنے کا وقت ہے۔ جہاد کا مقابلہ جہاد ہے، فوج کا مقابلہ فوج کرے۔ اہل فلسطین نے پتھر اٹھا کر ٹینکوں کا مقابلہ کیا، غلیل اٹھا کر مقابلہ کیا، مسجد اقصیٰ خطرے میں ہے، ارض فلسطین سے نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے معراج کا سفر کیا تھا، یہ حضرت عمرؓ کی میراث ہے اگر امت مسلمہ نے غزہ کے لئے کوئی اقدام نہ کیا تو ان کی تاریخ دوہرائے گی، ایک ایک مسلمان ملک کو پیغام ہے کہ اللہ کے حکم پر لبیک کہو، عورتوں اور بچوں پر ظلم ہو رہا ہے، غزہ میں نعشوں کے مینار بن جائیں گے تب بولیں گے۔