لاہور+اسلام آباد ( سب تکرپورٹ+خبر نگار خصوصی) نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ تحریک انصاف کے خط کا خط سے جواب دیں گے۔ صدر عارف علوی کسی ایک جماعت کے صدر نہیں، اپنے آئینی عہدے کا خیال رکھیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مہنگی بجلی کا عوام پر بوجھ پڑتا ہے، متبادل توانائی کا ہماری ضرورت میں حصہ بہت کم ہے، ہمیں سورج کی روشنی سے فائدہ اٹھانا چاہئے، مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ دنیا موسمیاتی تبدیلی کے دور سے گزر رہی ہے۔ 8 فروری کو انتخابات ہوں گے، اگلی پارلیمان اور آئندہ حکومتوں کے لئے ضروری ہے کہ وہ اس پالیسی کو جاری رکھیں اور توانائی کے متبادل ذرائع پر توجہ دیں، متبادل توانائی کے حوالے سے چین دنیا کے اہم ممالک میں شامل ہے۔ چین نے بھرپور تعاون کیا۔ مذاکرات اور تحفظات جمہوریت کا حسن ہیں، شکایت کرنا ہر ایک کا حق ہے، نگران حکومت آئین اور قانون کے تحت الیکشن کمشن کی اعانت کرے گی، الیکشن کمشن کی موجودہ قیادت ذمہ دار اور قابل لوگوں پر مشتمل ہے۔ مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ الیکشن کمشن اپنے دیئے گئے نظام الاوقات پر عمل کر رہا ہے۔ نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ صدر مملکت کی تعظیم برقرار رہے، نوجوان اس ملک کا اثاثہ ہیں۔نگراں وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضی سولنگی نے کہا ہے کہ میڈیا نے ہمیشہ عوامی مسائل کو اجاگر کیا۔ صحافیوں کو جدید طرز پر تربیت فراہم کریں گے۔ وہ اتوار کی شام مقامی ہوٹل میں آل پروفیشنل نیوز پرسن الائنس اپنا کے عہدیداران کی تقریب حلف برداری سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر انہوں نے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد پیش کی۔ تقریب میں اپنا کے مرکزی صدرمیاں غفار، مرکزی سیکرٹری جنرل مزمل سہروردی، صدر سندھ فیاض حسین، صدر پنجاب شہباز خان، صدر کے پی کے ملک جاوید، خواتین ونگ کی جنرل سیکرٹری مقدس ملک، شاہد صدیق، نجم قدیر، شہباز احمد خان و دیگر عہدیداران اور صحافیوں کی کثیر تعداد اس موقع پر موجود تھی۔