توہینِ الیکشن کمیشن کیس میں سیکریٹری داخلہ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی عدم پیشی کے حوالے سے تحریری رپورٹ پیش کر دی۔
الیکشن کمیشن میں چیئرمین پی ٹی آئی، اسد عمر اور فواد چوہدری کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کے معاملے پر ممبر الیکشن کمیشن نثار درانی کی سربراہی میں 4 رکنی بینچ نے سماعت کی۔
چیئرمین پی ٹی آئی، اسد عمر اور فواد چوہدری عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کے معاون وکیل نے بتایا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل سپریم کورٹ میں مصروف ہیں، اس لیے کیس کے التواء کی درخواست کرتے ہیں۔
کمیشن کے ممبر نے سوال کیا کہ سیکیورٹی تحفظات ہیں، کیا جیل میں سماعت نوٹیفائی کر سکتے ہیں؟
سیکریٹری داخلہ نے بتایا کہ اگر آپ جیل میں سماعت کرنا چاہتے ہیں تو ہم نوٹیفائی کر دیتے ہیں۔
ممبر کمیشن نے کہا کہ الیکشن کمیشن آئینی ادارہ ہے، ہمارے اپنے رولز ہیں، آئین اور الیکشن ایکٹ کے علاوہ کوئی قانون ہم پر لاگو نہیں ہوتا، کیا قانون اس کی اجازت دیتا ہے؟
سیکریٹری داخلہ نے کہا کہ اس ضمن میں وزارتِ قانون سے رائے لے لیتا ہوں۔
فواد چوہدری کے وکیل نے کہا کہ فواد چوہدری اڈیالہ جیل میں ہیں۔
ممبر کمیشن نے کہا کہ اس پر ہم آرڈر کرتے ہیں، اسد عمر کی جانب سے کوئی پیش نہیں ہوا ہے۔
الیکشن کمیشن کے ڈی جی لاء نے کہا کہ اسد عمر کے وکیل نے التواء کی درخواست کی ہے۔