جنوبی بھارت سے تعلق رکھنے والی خوبرو اداکارہ نین تارا نے تامل اور ہندی فلموں کے معروف ہدایتکار منی رتنم اور اداکار، فلم ساز اور سیاستدان کمل ہاسن سے ان کی آئندہ آنے والی فلم میں کام کے لیے 12 کروڑ معاوضہ طلب کرلیا۔
نین تارا ساؤتھ کی فلم انڈسٹری کی سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی اداکاراؤں میں سے ایک ہیں۔
ان دنوں وہ معروف پروڈیوسرز اور ہدایتکاروں کی پہلی ترجیحی بھی بن گئی ہیں۔ بنگلور سے تعلق رکھنے والی 38 سالہ نین تارا نے حال ہی میں بالی ووڈ کی بلاک بسٹر فلم جوان میں کام کر کے اپنے ہندی فلمی کیریئر کا آغاز کیا۔
اس فلم میں ان کے مد مقابل لیڈ رول میں بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان جبکہ فلم کے ہدایتکار ایٹلی تھے۔
اب یہ خبر آئی ہے کہ کمل ہاسن اور فلم ساز منی رتنم کے اشتراک عمل سے بننے والی فلم جس کا ممکنہ نام کے ایچ 234 ہوگا، اس فلم میں ہیروئن کے کردار کے لیے اداکارہ کے انتخاب کے معاملے پر فلم انڈسٹری میں خبریں گرم ہیں۔
تاہم یہ گمان کیا جارہا ہےکہ دونوں فلمساز نین تارا سے رابطے کی کوشش کررہے ہیں۔
لیکن اس حوالے سے تازہ ترین اطلاعات یہ ہیں کہ نین تارا نے فلم میں کام کے لیے 12 کروڑ روپے معاوضہ طلب کرلیا ہے، یہ رقم اس سے دو کروڑ زیادہ ہے جو انہوں نے فلم جوان میں بطور معاوضہ لی تھی، تاہم ان اطلاعات کی ابھی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔