اسرائیلی بمباری نے مستقبل کے ہزاروں فلسطینی معماروں کو موت کی نیند سُلا دیا، غزہ کے شہداء میں ہر ایک ہزار میں 5 شہداء طلبا ہیں۔
فلسطینی ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ غزہ میں 7 اکتوبر سے اب تک اسکول کے 3 ہزار 117 طلبا شہید ہوئے، مغربی کنارے میں بھی 7 اکتوبر سے اب تک 24 طلبا شہید کیے گئے۔
ادارہ شماریات کے مطابق اسرائیلی بمباری سے 130 اساتذہ اور تدریسی عملہ جاں بحق ہوا، 7 اکتوبر سے غزہ کے تمام اسکول بند ہیں، 6 لاکھ 8 ہزار طلبا تعلیم سے محروم ہوگئے۔
فلسطینی ادارہ شماریات نے مزید بتایا کہ غزہ کے 239 سرکاری، اقوام متحدہ کے اسکولوں پر بمباری کی گئی۔
غزہ میں مسلسل 38 ویں روز بھی اسرائیلی فوج کی جانب سے بمباری کی گئی۔
فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نے خان یونس کے گھروں پر پھر بم گرادیے، اسرائیلی بمباری سے خان یونس میں 7 فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔
اسرائیلی طیاروں نےگذشتہ روز بھی خان یونس میں گھروں پر بمباری کی تھی۔