لاہور ( سب تکرپورٹ) سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ ملک کے اعلیٰ تر مفاد میں اسٹیبلشمنٹ حکومت کو سپورٹ کرے تو اچھی بات ہے، پالیسیوں کا تسلسل اس وقت آئے گا جب اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ بنا کر آگے چلیں گے۔ سینئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ کے سب سے مشکل ترین الیکشن ہونے جا رہے ہیں، اب ایسا نہیں کہ کوئی سیاسی جماعت کھمبا کھڑا کرے تو وہ جیت جائے گا، ہر سیاسی جماعت کو محنت کرنا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ مجھ سمیت پوری جماعت کو جھوٹے، من گھڑت کیسز میں پھنسایا گیا، اللہ تعالیٰ نے بری کر دیا، حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ بطور وزیراعلیٰ غریبوں کو ذہن میں رکھ کر فیصلے کئے، کینسر کے مریضوں کو ادویات نہیں مل رہی تھیں وہ معاملہ بطور وزیراعلیٰ فوری حل کیا۔ کہتے ہیں خاموشی کی بھی زبان ہوا کرتی ہے، سابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ جنہوں نے ملک کو لوٹا وہ عبرت کا نشان ہیں، شہبازشریف یا مجھ پر بطور وزیراعلیٰ ایک پائی کی کرپشن ثابت نہ ہو سکی۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ ہم کارکنوں کو کبھی نہیں بھولتے، مشکل وقت میں جو کارکن ہمارے ساتھ کھڑے رہے وہ آج بھی ہمارے ساتھ ہیں۔