فلسطین کے مرکزی ادارہ شماریات نے جنگ کے 38 ویں روز اعلان کیا ہے کہ غزہ کی پٹی اور مغربی کنارے میں 3141 طلبہ اسرائیلی نسل کشی میں شہید ہوچکے ہیں۔ غزہ کی پٹی میں 130 اساتذہ اور منتظمین بھی صہیونی بربریت میں زندگی کی بازی ہار گئے۔اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں 4863 طلبہ زخمی ہوئے جن میں 4,613 غزہ کی پٹی اور 250 مغربی کنارے میں زخمی ہوئے۔ ادارے نے بتایا کہ اسرائیل نے مغربی کنارے سے 67 طالب علموں کو گرفتار بھی کرلیا ہے۔سینٹرل بیورو آف سٹیٹسٹکس کے مطابق غزہ کی پٹی میں 45 سکولوں کو مکمل طور پر تباہ کردیا گیا۔ اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی برائے فلسطینی پناہ گزینوں (انروا) کے 50 سکولوں کو بھی اسرائیل فورسز نے نشانہ بنایا۔بمباری کے آغاز کے بعد سے غزہ کی پٹی کے تمام سکولوں کو غیر فعال کردیا گیا ہے۔ ان سکولوں میں لگ بھگ 608000 طلبا اور طالبات زیر تعلیم تھے۔ 70 سرکاری سکولوں اور 145 انروا کے سکولوں کو پناہ گاہوں میں تبدیل کردیا گیا ہے۔