پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے غیر ملکی کوچز اسٹاف کو تبدیل کرنے پر غور شروع کر دیا۔
ذرائع کے مطابق ڈائریکٹر کرکٹ مکی آرتھر کل پی سی بی ہیڈ کوارٹر جائیں گے۔
ذرائع نے بتایا کہ مکی آرتھر، کوچ بریڈ برن اور بیٹنگ کوچ اینڈریو پوٹیک کی چھٹی کا امکان ہے۔
پی سی بی نے غیر ملکی کوچز کی جگہ ملکی کوچز رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔
سابق کپتانوں سے چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ذکاء اشرف کی ملاقاتوں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق 17 نومبر کو ذکاء اشرف آئی سی سی اجلاس میں شرکت کے لیے بھارت جائیں گے، بھارت روانگی سے قبل وہ کپتان بابر اعظم سے ملاقات کریں گے، ملاقات میں ایشیاء کپ اور ورلڈ کپ کی کارکردگی پر بات چیت ہو گی۔
یونس خان ذکاء اشرف سے آج ملاقات کریں گے
ذرائع نے بتایا ہے کہ سابق کپتان یونس خان ذکاء اشرف سے آج ملاقات کریں گے، ان کو ذمے داریاں سونپنے کے حوالے سے بھی بات چیت ہو گی۔
اس کے علاوہ محمد حفیظ اور سہیل تنویر کی بھی آج چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی سے ملاقات کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ مورنی مورکل نے لیگز میں مصروفیت کی وجہ سے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے تصدیق کی گئی تھی کہ مورنی مورکل نے لیگز میں مصروفیت کی وجہ سے عہدے سے استعفیٰ دیا ہے۔