ہیومن رائٹس واچ (ایچ آر ڈبلیو) کا کہنا ہے کہ غزہ کے اسپتالوں پر اسرائیلی حملوں کی تحقیقات بطور جنگی جرائم ہونی چاہیے۔
ایک بیان میں ایچ آر ڈبلیو نے کہا کہ اسرائیلی فوجی غزہ میں طبی سہولتیں، طبی کارکنان اور ٹرانسپورٹ پرحملے کر رہے ہیں۔
ہیومن رائٹس واچ کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوجی غزہ کے صحت کے نظام کو مزید تباہ کر رہے ہیں۔
عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ ہیومن رائٹس واچ نے بین الاقوامی فوجداری عدالت سے اسرائیلی جرائم کی تحقیقات اور آزاد بین الاقوامی کمیشن آف انکوائری بنانے پر زور دیا ہے۔
خان یونس: اسرائیلی حملے میں شہادتیں 10 ہو گئیں
دوسری جانب عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ غزہ میں خان یونس میں اسرائیلی حملے میں شہادتیں10 ہو گئیں۔
خان یونس میں اسرائیلی حملے میں شہید ہونے والوں میں بچے بھی شامل ہیں۔
غزہ: اب تک 42 صحافی جاں بحق
علاوہ ازیں کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ غزہ میں 7 اکتوبر سے اب تک کم از کم 42 صحافی جاں بحق ہو چکے ہیں۔
سی پی جے کا کہنا ہے کہ غزہ میں 7 اکتوبر سے اب تک 9 صحافی زخمی، 3 لاپتہ اور 13 گرفتار کیے جا چکے ہیں۔
کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹ کا یہ بھی کہنا ہے کہ خطے کے صحافی اس تنازع کو کور کرنے کے لیے بڑی قربانیاں دے رہے ہیں۔