پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انضمام الحق کے بطور چیف سلیکٹر مستعفی ہونے کے بعد دیگر اراکین کو گھر بھیجنے کا فیصلہ کر لیا۔
ذرائع کے مطابق لاہور میں چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ذکاء اشرف نے وہاب ریاض اور سابق کپتان یونس خان سے ملاقاتیں کیں، ملاقات میں سہیل تنویر بھی موجود تھے۔
ملاقات میں اس دوران سلیکشن کمیٹی سمیت کرکٹ کے مختلف امور پر مشاورت کی گئی۔
ذرائع کے مطابق کرکٹرز نے جلد بازی میں تبدیلیاں نہ کرنے کا مشورہ دیا، ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کو مدِ نظر رکھ کر پلاننگ کرنے کا مشورہ دیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے سینئر اور جونیئر سلیکشن کمیٹی کے عبوری سربراہ توصیف احمد اور وجاہت اللّٰہ کو بھی فارغ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ دورۂ آسٹریلیا کے لیے پاکستان ٹیم کا انتخاب نئی سلیکشن کمیٹی کرے گی۔