کینیڈا کی پاکستانی نژاد سینیٹر سلمیٰ عطاء اللّٰہ جان نے کہا ہے کہ مغرب میں اسلاموفوبیا بڑھتا جا رہا ہے اور پاکستانی کمیونٹی بھی متاثر ہو رہی ہے۔
کینیڈا کی سینیٹ میں پہلی پاکستانی مسلم خاتون ممبر سلمیٰ عطاء اللّٰہ جان نے ان خیالات کا اظہار نمائندہ جنگ کو ٹورنٹو میں انٹر ویو کے دوران کیا۔
کینیڈین سینیٹر کا کہنا ہے کہ انہوں نے کینیڈا میں اسلاموفوبیا کی بڑھتی لہر کے حوالے سے ایک رپورٹ مرتب کی ہے جس کے مطابق یہاں ہر چار میں سے ایک شہری مسلمانوں پر اعتماد نہیں کرتا۔
سلمیٰ عطاء اللّٰہ جان نے بتایا کہ وہ اپنی رپورٹ حکومتِ پاکستان کو بھی بھجوا رہی ہیں کیونکہ پاکستان بھی بین الاقوامی فورمز پر یہ معاملہ اُٹھاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تمام غیرمسلم ممالک میں اسلاموفوبیا کا مسئلہ ایک جیسا ہے۔