بالی ووڈ کی پرکشش اداکارہ کیرتی سینن نے بالی ووڈ انڈسٹری میں اقرباء پروری پر لب کشائی کردی۔
اداکارہ کا کہنا ہے کہ اگر ایک پروڈیوسر بالی ووڈ کے اندر سے کسی کو موقع دیتا ہے تو پھر اسے ایک ایسے شخص کو بھی موقع دینا چاہیے جس کی کوئی سفارش یا اندر سے تعلق نہ ہو اور وہ زیادہ باصلاحیت ہو۔
بھارتی میڈیا ادارے سے گفتگو کے دوران نئی دہلی سے تعلق رکھنے والی 33 سالہ اداکارہ نے کہا کہ سیدھی سی بات ہے جب آپ (پروڈیوسرز) نیپو کڈ (اداکاروں کے سفارشی بچے) کو بالی ووڈ میں داخل کریں تو پھر بغیر سفارش آنے والے زیادہ صلاحیت کے حامل اداکاروں کو بھی موقع ملنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ رفتہ رفتہ دنیا کا جھکاؤ اسٹارز یا بڑے ناموں کے بجائے ٹیلنٹ اور اسکرپٹ کی جانب ہے۔
2014 کی فلم ’ہیرو پنتی‘ سے اپنے بالی ووڈ کیریئر کا آغاز کرنے والی کیرتی کا مزید کہنا تھا کہ اگر ہم برابری کے مواقع دینا چاہتے ہیں تو پھر انڈسٹری تک آؤٹ سائیڈرز کو بھی زیادہ رسائی ملنا چاہیے۔
اکتوبر میں اپنا پہلا نیشنل ایوارڈ جیتنے والی کیرتی، دل والے (2015)، بریلی کی برفی (2017)، لُوکا چھپی (2019)، ممی (2021) اور ادھیپورش (2023) میں اپنی فنی صلاحیتوں مظاہرہ کرچکی ہیں۔
انہیں فلم ممی پر 69ویں نیشنل فلم ایوارڈز کی تقریب میں بیسٹ ایکٹر ایوارڈ بھی مل چکا ہے۔