بالی ووڈ کی معروف فلم ڈائریکٹر اور اسکرین رائٹر زویا اختر نے اپنی آئندہ آنے والی فلم میں اے لسٹرز اداکاروں کو نہ لینے کی وجہ بتا دی۔
زویا کا کہنا تھا کہ نئے آنے والے اداکاروں کو موقع دینے کے حوالے سے انکا موقف ہمیشہ بہت واضح رہا ہے اور وہ کہہ چکی ہیں کہ ہم نوواردوں کو کاسٹ کریں گے۔
بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے 51 سالہ زویا اختر نے کہا کہ آرچیز کو دیکھ لیں یہ بہت آئیکونک کومک ہے، اس کے کردار بھی آئیکونک ہیں، تو اگر ہم کسی جانے پہچانے اداکار کو کاسٹ کرتے تو میرا خیال ہے کہ کسی موقع پر اس اداکار کا جو تصور (امیج) یا ماضی میں وہ جو کام کرچکا ہے وہ درمیان میں آجاتا۔
یہ ایک وجہ تھی کہ ہم چاہتے تھے کہ مکمل نئے اداکار ہوں تاکہ وہ حقیقی معنوں میں ان کرداروں میں ڈوب کر پرفارم کریں اور فلم بینوں کو یہ یقین ہوجائے وہی یہ کردار ادا کر رہے ہیں۔
دوسری وجہ یہ تھی کہ ہم چاہتے تھے کہ یہ نئے اداکار 17 برس کے نظر آئیں، تو اس مقصد کے لیے ہمیں بہت نوجوان اداکاروں کی ضرورت تھی اور اس کے لیے انکا نووارد ہونا ضروری تھا۔
واضح رہے کہ بالی ووڈ کے معروف گیت نگار، شاعر اور اسکرین رائٹر جاوید اختر اور ہنی ایرانی کی بیٹی زویا اختر کی آئندہ آنے والی فلم آرچیز نیٹ فلیکس پر 7 دسمبر کو ریلیز ہوگی، جس میں سہانا خان، خوشی کپور اور اگستیا نندہ نے اپنے کیریئر کا آغاز کیا ہے۔
اس سے قبل زویا اختر فلم گلی بوائے (2019) کی ہدایتکاری کرچکی ہیں۔