نیوزی لینڈ کے ابھرتے کھلاڑی راچن رویندرا کے والد نے بیٹے کا نام بھارتی کھلاڑیوں راہول ڈریوڈ اور سچن ٹنڈولکر کے نام پر رکھنے کی تردید کردی۔
راچن رویندرا بھارت میں جاری ورلڈ کپ کے دوران کیوی ٹیم کی بیٹنگ لائن کےلیے ریڑھ کی ہڈی ثابت ہوئے ہیں۔
انہوں نے ورلڈ کپ میں اب تک 3 سنچریاں اور دو نصف سنچریاں بناتے ہوئے مجموعے طور پر 565 رنز اسکور کر رکھے ہیں اور اپنی ٹیم کو سیمی فائنل میں پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔
نیوزی لینڈ کا 15 اکتوبر کو سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ سے سامنا ہے۔ بھارتی نژاد کیوی بیٹر ہوم ٹیم کےلیے سب سے بڑا خطرہ بھی ہوسکتے ہیں۔
راچن رویندرا ناصرف گراؤنڈ میں اپنی پرفارمنس بلکہ والدین کا بھارت سے تعلق ہونے اور خود کے نام کی وجہ سے بھی خبروں میں رہے ہیں۔
کیوی بیٹر کے نام سے متعلق قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں کہ راچن کے والدین نے ان کا نام دو مایہ ناز بھارتی بیٹرز راہول ڈریوڈ اور سچن ٹنڈولکر کے نام سے اخذ کیا تھا۔
تاہم بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق راچن رویندرا کے والد روی کرشنامورتھی نے ان تمام قیاس آرائیوں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیٹے کے نام سے بھارتی کھلاڑیوں کا کوئی لینا دینا نہیں۔
روی کرشنامورتھی نے کہا کہ اہلیہ کو یہ نام پسند آیا اور ہم نے نام سے متعلق زیادہ سوچ و بچار نہیں کی اور اسی پر اکتفا کیا، یہ نام آسان بھی ہے۔
انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ہمیں بھی کافی عرصے بعد یہ احساس ہوا کہ بیٹے کے نام میں آنے والے حروف بھارت کے دو کھلاڑیوں کے ناموں کا حصہ ہیں۔